ایودھیا: رام مندر کے ’پران پرتشٹھا‘ کی آڑ میں بی جے پی کی لوک سبھا کی تیاری
آر ایس ایس،بجرنگ دل،وی ایچ پی سمیت تمام بھگوا تنظیمیں اور بی جے پی کی حامی جماعتیں زمینی سطح پر سرگرم
نئی دہلی ،05جنوری :۔
ایودھیا میں زیر تعمیر رام مندر کے افتتاح کی تیاری زور و شور سے جاری ہے ۔حکمراں جماعت بی جے پی اور اپوزیشن جماعت کےد رمیان پران پرتشٹھا پروگرام میں شرکت کو لے کر بحث اور مباحثہ بھی عروج پر ہے ۔دریں اثنا بی جے پی نے اس پورے پروگرام کو آئندہ ہونے والے لوک سبھا انتخابات کی تیاری کے طور پر فائدہ اٹھانے کی بھر پور کوشش کرتی ہوئی نظر آ رہی ہے ۔ دعوت نامے جاری کرنے اور لوگوں کو اس پروگرام میں شرکت کی دعوت دینے کے پورے منصوبے کو انتخابی مفاد کو پیش نظر رکھ کر تیار کیا جا رہا ہے ۔اس سلسلے میں بی جے پی کی مدد کے لیے اس کی اتحادی تنظیموں نے ذمہ داری سنبھال لی ہے۔
انڈیا ٹو مارو کی رپورٹ کے مطابق ایودھیا میں رام مندر کی تعمیر کے پران پرتشٹھا پورے ملک کو دعوت نامے دینے کا کام شروع ہو گیا ہے۔ اس کے لیے بی جے پی، آر ایس ایس، وی ایچ پی، بجرنگ دل اور اس کی اتحادی تنظیموں نے دعوت کے طور پر عوام میں اکشت (چاول) تقسیم کرنا شروع کر دیا ہے۔
یہ تمام بھگوا گروپ عوام کے درمیان جا رہے ہیں اور عوام کو یہ باور کرانے کی کوشش کر رہے ہیں کہ انہوں نے ایودھیا میں رام مندر کی تعمیر کا اپنا وعدہ پورا کر دیا ہے۔ وہ عوام کو بتانے کی کوشش کر رہے ہیں کہ انہوں نے رام مندر بنانے کا اپنا وعدہ پورا کر دیا ہے۔ایک طرح سے یہ کہا جا رہا ہے کہ اب عوام کو بی جے پی کے ساتھ کھڑا ہونا چاہئے اور لوک سبھا انتخابات میں لوگوں کو بی جے پی کو ووٹ دینا چاہئے۔
ایسی باتیں کہہ کر بی جے پی، آر ایس ایس، وی ایچ پی، بجرنگ دل اور اس کی دیگر اتحادی تنظیمیں عوام کے جذبات کو ٹھیس پہنچا رہی ہیں اور بی جے پی کے حق میں بھگوا ماحول بنا رہی ہیں اور لوگوں کو رام مندر کی تقدیس کی دعوت دے رہی ہیں۔وزیر اعظم نریندر مودی نے خود اس کی شروعات کی ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے 30 دسمبر 2023 کو ایودھیا پہنچ کر اس کی شروعات کی۔ انہوں نے ایودھیا میں مہارشی والمیکی بین الاقوامی ہوائی اڈے اور ایودھیا دھام ریلوے اسٹیشن کا افتتاح کرکے خوشی کا ماحول بنانے کی کوشش کی۔
آر ایس ایس اور بی جے پی کا ماننا ہے کہ اس سے آئندہ لوک سبھا انتخابات میں بی جے پی کے حق میں ’’خوشگوار ماحول‘‘ پیدا ہوگا اور ہندو ووٹر بی جے پی کو ووٹ دیں گے، جس کی وجہ سے بی جے پی ایک بار پھر مرکزی حکومت میں بیٹھنے میں کامیاب ہوگی۔
سب سے اہم بات یہ ہے کہ بی جے پی، آر ایس ایس، وی ایچ پی، بجرنگ دل اور اس کی اتحادی تنظیموں کے کارکنان عوام کے گھر گھر جا کر اکشت اور بھگوان رام کی تصویر بطور دعوت تقسیم کر رہے ہیں اور لوگوں کو بتائیں رہے ہیں کہ 550 سال پرانا خواب اب پورا ہو گیا ہے اور یہ کامیابی وزیر اعظم نریندر مودی کی کوششوں سے حاصل ہوئی ہے۔
لوگوں کو یہ باور کرایا جا رہا ہے کہ ایودھیا میں رام مندر وزیر اعظم نریندر مودی کی وجہ سے ہی بنا ہے۔ اس کا سارا کریڈٹ پی ایم مودی کو دیا جائے گا۔ بی جے پی لوک سبھا انتخابات صرف پی ایم مودی کی قیادت میں لڑے گی اور پی ایم مودی کے نام پر ہندو متحد ہوکر بی جے پی کو ووٹ دیں گے، جو مرکز میں دوبارہ بی جے پی کی حکومت بنائے گی۔