ایودھیا: رام مندرکی صفائی ملازمہ کی اجتماعی عصمت دری،پانچ گرفتار
نوملزمین کے خلاف نامزد مقدمہ درج،متاثرہ نے پولیس اہلکاروں پر بھی عدم تعاون کےسنگین، الزامات عائد کئے،ایس پی سر براہ اکھلیش یادو کا بی جے پی پر حملہ
نئی دہلی، لکھنؤ ،15 ستمبر:۔
اتر پردیش میں خواتین کے خلاف جرائم میں آئے دن اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔یوگی حکومت کے خواتین کے تحفظ کے اقدامات کے دعوے فیل ہوتے نظر آ رہے ہیں ۔حالیہ دنوں میں سلسلہ وار طریقے سے کئی واردات منظر عام پر آئے ہیں۔ تازہ معاملہ انتہائی اہم اور وی آئی پی علاقے ایودھیا میں پیش آیا ہے جہاں رام مندر احاطے میں صفائی کرنے والی ملازمہ کے ساتھ اجتماعی عصمت دری کا معاملہ سامنے آیا ہے۔اس سلسلے میں پولیس نے نو ملزمین کو نامزد کیا ہے جس میں سے پانچ کی گرفتاری ہوئی ہے۔ مزید گرفتاریوں کے لئے کارروائی جاری ہے۔اس سلسلے میں متاثرہ کا ویڈیو وائرل ہے جس میں متاثرہ لڑکی نے پولیس اہلکاروں پر سنگین الزامات عائد کئے ہیں ۔دریں اثنا انتہائی اہم اوروی آئی پی علاقے ایودھیا کے رام مندر سے جڑے معاملے کی وجہ سے اپوزیشن نے یوگی حکومت پر حملہ کیا ہے۔ سماج وادی پارٹی کے صدر اکھلیش یادو نے یو پی کے قانون و انتظام پر سوال اٹھاتے ہوئے اجتماعی عصمت دری کے ملزمین کو سخت سزا دینے کا مطالبہ کیا۔انہوں نے غیر ذمہ دار پولیس اہلکاروں کے خلاف کارروائی کا بھی مطالبہ کیا۔
غور طلب ہے کہ یہ واقعہ گزشتہ روز ہفتہ کو سامنے آیا۔اس سلسلے میں ایک ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہا ہے جس میں متاثرہ نے پولیس پر کئی سنگین الزامات عائد کئے ہیں۔ 20 سالہ خاتون نے نو افراد پر زیادتی کا الزام لگایا۔ ایودھیا کے کینٹ پولیس اسٹیشن میں درج کرائی گئی اس کی شکایت کے مطابق، 16 سے 25 اگست کے درمیان تین مختلف مواقع پر اس کے ساتھ اجتماعی عصمت دری کی گئی۔پولیس نے اس معاملے میں بتایا کہ متاثرہ نے الگ الگ دن جب اپنے جاننے والے کے پاس گئی تو اس کے دوستوں نے عصمت دری کی ۔
مدھون سنگھ ایس پی سٹی ایودھیا نے کہا کہ یہ معاملہ تھانہ کینٹ کا ہے یہ معاملہ دو ہفتے پرانا ہے ۔متاثرہ کے ذریعہ 2 ستمبر کو تھانہ کینٹ میں مقدمہ رجسٹرد کرایا گیا ۔جس میں یہ انکشاف ہوا کہ اس لڑکی کے شناسہ اور اس کے ساتھیوں نے عصمت دری کی واردات کو انجام دیا ۔ مدھوون سنگھ نے بتایا کہ گرفتار ملزمان کی شناخت ونیش، ونیے، شارق، شیوا اور ادِیت کے طور پر کی گئی ہے۔ سنگھ نے مزید کہا کہ ان میں سے تین کو ایف آئی آر درج ہونے کے ایک دن بعد گرفتار کیا گیا اور دو دیگر کو چند دنوں کے اندر گرفتار کیا گیا۔ مزید تفتیش جاری ہے۔
سماج وادی پارٹی کے سر براہ اکھلیش یادو نے ایکس پر خاتون کا 13 سیکنڈ کا کلپ شیئر کیا، جس میں پولیس کی جانب سے تعاون کی کمی سمیت خاتون اپنی پریشانی بیان کر رہی ہے۔ انہوں مزید لکھا کہ ایودھیا میں اجتماعی عصمت دری کا شکار ہونے والی خاتون کے ویڈیو بیان نے اتر پردیش میں خواتین کے خلاف ہراساں کرنے اور مظالم کے بڑھتے ہوئے واقعات کی بنیادی وجہ کو ظاہر کر دیا ہے۔ انہوں کہا کہ کس طرح متاثرہ کو کچھ غیر حساس پولیس والوں کی وجہ سے رپورٹ درج کرانے میں تکلیف اٹھانی پڑی۔انہوں نے کہا کہ رپورٹ نہ درج کرنے کی وجہ سے بہت سے جرائم کا اندراج تک نہیں ہوتا ہے، جس سے مجرموں کے حوصلے بلند ہیں۔ اکھلیش یادو نے مطالبہ کیا کہ متاثرہ کے ساتھ انصاف کیا جائے اور مجرموں اور غیر ذمہ دار پولیس اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔