این سی ای آر ٹی کے نصاب سے حذف شدہ ابواب کوکیرالہ میں بچوں کو پڑھانے کا فیصلہ

نئی دہلی ،26اپریل :۔

این سی ای آر ٹی کے ذریعہ دسویں اور بارہویں جماعت کے تاریخ کے نصاب سےگجرات فساد، مغل ، آر ایس ایس اور دیگر ابواب کو باہر کئے جانے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔دریں اثنا کیرالہ حکومت نے اس کے بر عکس فیصلہ لیتے ہوئے ان تمام حذف شدہ ابواب کو اپنے یہاں بچوں کو پڑھانے کا فیصلہ کیا ہے ۔رپورٹ کے مطابق کیرالہ حکومت نے منگل کو فیصلہ کیا ہے کہ مرکزی حکومت کی نصابی کتابوں کے ریگولیٹر  این سی ای آر ٹی نے اپنے "نصاب کی معقولیت” کے عمل کے ایک حصے کے طور پر گیارہویں اور بارہویں جماعت کی نصابی کتابوں سے جو حصے حذف کر دیے تھے، وہ طلباء کو پڑھائے جائیں۔

کیرالہ اسٹیٹ کونسل آف ایجوکیشنل ریسرچ اینڈ ٹریننگ(ایس سی ای آر ٹی) کی نصاب کمیٹی کیرالہ میں ضمنی نصابی کتب  شائع کرے گی۔ ایس سی ای آر ٹی کے ڈائریکٹر ایم جے چندرن نے کہا کہ ایس سی ای آر ٹی کی نصاب کی اسٹیئرنگ کمیٹی نے ہٹائے گئے ابواب کو ضمنی نصابی کتب کے طور پر برقرار رکھنے کا مشورہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ ، "ہم اسے ایک دو مہینوں میں تیار اور پرنٹ کر سکتے ہیں تاکہ یہ کتابیں اگست تک طلباء تک تازہ ترین پہنچ جائیں۔  ذرائع کے مطابق اس پر حتمی فیصلہ لینے کے لئے کمیٹی نے ریاستی وزیر تعلیم کو بھیج دیا ہے ۔

واضح رہے کہ 2002 کی گجرات مسلم نسل کشی، مغل سلطنت کی تاریخ، مولانا عبدالکلام آزاد کی شراکت، ہندوتوا عسکریت پسند گروپ آر ایس ایس پر پابندی اور مہاتما گاندھی کے قتل سے متعلق حصے این سی ای آر ٹی کی نصابی کتابوں سے ہٹائے گئے موضوعات میں شامل ہیں۔

این سی ای آر ٹی نے کلاس 6 سے 12 تک کی نصابی کتابوں کے کچھ حصے کو حذف کر دیا ہے۔ کیرالہ میں چھٹی سے دسویں تک کی کلاسوں کے لئے این سی ای آر ٹی سے الگ نصاب ہے جس کی وجہ سے   10 تک کی کلاسوں کے لیے تبدیلیوں سے کیرالہ متاثر نہیں ہو گا ۔جبکہ  صرف 11 اور 12 کی کلاسوں کے لیے  این سی ای آر ٹی کی نصابی کتابوں پر انحصار کرتی ہے۔اس لئے ضمنی نصابی کتاب شائع کر کے ان حذف شدہ مواد کو گیارہیوں اور بارہویں کلاس کے طلبہ کے لئے پیش کیا جائے گا۔