این آئی اے نے پرگیہ ٹھاکر کو سزائے موت دینے کا مطالبہ کیا,8 مئی کو فیصلہ

نئی دہلی ،24 اپریل :۔

قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) نے درخواست کی ہے کہ 2008 کے مالیگاؤں بم دھماکہ کیس کے سبھی ساتوں ملزمین بشمول سابق بی جے پی ایم پی سادھوی پرگیہ سنگھ ٹھاکر کو غیر قانونی سرگرمیاں (روک تھام) ایکٹ (یو اے پی اے) کی دفعہ 16 کے تحت موت کی سزا سنائی جائے۔ ایجنسی نے یہ درخواست اپنے حتمی تحریری دلائل میں کی، جو 1500 صفحات پر محیط ہے جو گزشتہ دنوں    خصوصی عدالت میں جمع کرائی گئی۔

2008 میں ہونے والے دھماکے میں 6 مسلمان ہلاک اور 100 سے زائد زخمی ہوئے تھے۔ 17 سال کی تفتیش کے بعد، این آئی اے نے دلیل دی کہ ملزم نے "ہندوتو  سے چلنے والے” دہشت گردانہ حملے کی سازش رچی تھی۔

این آئی اے کی درخواست کی حمایت کرتے ہوئے  جمعیۃ  علماء مہاراشٹر کے قانونی سیل کے وکیل شاہد ندیم نے کہا، "اگر دہشت گردانہ سرگرمیوں سے موت واقع ہوتی ہے، تو قانون موت کی سزا کی اجازت دیتا ہے۔”سینئر ترین وکیل شریف شیخ نے، جو علما گروپ کی نمائندگی کر رہے تھے، نشاندہی کی، "پرگیہ ٹھاکر نے منصوبہ بندی  کی میٹنگوں میں شرکت کی، اور ان کی ایل ایم ایل فریڈم موٹرسائیکل کو بم پہنچانے کے لیے استعمال کیا گیا، یہ صرف اس کی واضح شمولیت کو ظاہر کرتا ہے۔

مقدمے کی سماعت کے دوران، 323 گواہوں نے گواہی دی، لیکن بعد میں 32  اپنے بیانات سے مکر گئے، اور دعویٰ کیا کہ ان پر دباؤ ڈالا گیا تھا۔اپنے حتمی دلائل میں، این آئی اے نے عدالت سے کہا کہ ان دستبردار ہونے والے گواہوں کو قابل اعتماد نہیں سمجھا جانا چاہئے: "ان کی دیر سے واپسی سے ملزمان کو کوئی فائدہ نہیں ہونا چاہئے۔

خصوصی جج اے کے لاہوتی نے اپنا فیصلہ محفوظ کر لیا ہے اور وہ 8 مئی کو فیصلہ سنائیں گے۔ یہ بم دھماکہ دائیں بازو کے ہندو گروپوں کی طرف اشارہ کرنے والے پہلے دہشت گردانہ حملوں میں سے ایک تھا۔