ایم پی پیشاب واقعہ:  گرفتار  پرویش شکلا کے گھر پر چلا بلڈوزر، لواحقین کے چھلکے آنسو

بھوپال ،05جولائی :۔

مدھیہ پردیش کے سیدھی ضلع میں پیش آئے ’پیشاب واقعہ‘  کے بعد ملزم دیر رات گرفتار کر لیا گیا ۔اس پر متعدد دفعات کے تحت معاملے درج کئے گئے ہیں ۔دریں اثنا ملزم کی گرفتاری کے بعد یہ سوال اٹھایا جا رہا تھا کہ جس طرح دیگر معاملوں میں پولیس فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزمین کے گھروں پر بلڈوزر چلا دیتی ہے کیاملزم پرویش شکلا کے خلاف  بھی اسی طرح کی کارروائی عمل میں آئے گی ۔تازہ ترین  اطلاع کے مطابق پرویش کے گھر پر بلڈوزر چلایا گیا ہے اور اس دوران ملزم  کے اہل خانہ  ماں اور دیگر رشتہ دار زار و قطار روتے نظر آئے ۔   بتایا جا رہا ہے کہ پولیس اور انتظامیہ کی ٹیم موقع پر موجود رہی اورسخت سیکورٹی کے درمیان پرویش کے گھر پر بلڈوزر چلایا گیا۔

واضح رہے کہ  پرویش شکلا پر ایک قبائلی مزدور پر پیشاب کرنے کا الزام ہے۔ ویڈیو وائرل ہونے کے بعد ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے

اور بتایا جاتا ہے کہ وہ بی جے پی رکن اسمبلی کیدارناتھ شکلا کا قریبی رہ چکا ہے۔ پرویش کے والد رماکانت شکلا کسان ہیں اور نائب سرپنچ بھی رہ چکے ہیں۔ ملزم کی ایک تین سال کی بیٹی ہے۔ پرویش کا کوئی بھائی نہیں ہے، جبکہ دو بہنیں ہیں۔

انہدامی کارروائی کے دوران  سیدھی تحصیلدار، ایس ڈی ایم، ایس ڈی او پی سمیت کثیر تعداد میں پولیس فورس موجود رہی۔ ریاست کے وزیر داخلہ نروتم مشرا نے پہلے ہی کہہ دیا تھا کہ ملزم کے گھر پر بلڈوزر قانون کے مطابق چلایا جائے گا۔ بی جے پی رکن اسمبلی سے قربت کے سبب ملزم پر سخت کارروائی نہ ہونے کا اندیشہ کچھ لوگ ظاہر کر رہے تھے، لیکن جب رکن اسمبلی نے ملزم سے کوئی تعلق نہ ہونے کی بات کہی تو پرویش شکلا کی مشکلیں بڑھ گئیں۔

دریں اثنا انہدامی کارروائی پر بھی لوگوں نے نرمی برتنے کا الزام عائد کیاہے ۔لوگوں کا کہنا ہے کہ اصل گھر کے بجائے معمولی ٹین کی شیڈ پر انتظامیہ نے انہدائی کارروائی کر کے محض خانہ پوری کی ہے ۔لوگ کہہ رہے ہیں کہ   بلڈوزر کارروائی میں محض ایک ٹین شیڈ کو منہدم کر کے انتظامیہ نے نرمی کا مظاہرہ کیا ہے ۔