ایم پی:شدت پسند بجرنگ دل کارکنان کی مسلمانوں کو کھلی دھمکی

مدھیہ پردیش کے کٹنگی میں ہندو انتہا پسندوں نے مسلمان باشندوں  کھلے  عام مظاہرہ کر کے بے دخل کرنے کی دھمکی دی

نئی دہلی ،30 جون :۔

ملک بھر کی ریاست میں مدھیہ پردیش ایک ایسی ریاست ہے جہاں شدت پسندی انتہا کو پہنچ گئی ہے۔ آئے دن مسلمانوں کے خلاف جہاں ایک طرف سرکاری کارروائی کی جاتی ہے وہیں شدت پسند ہندو تنظیموں کی جانب سے مسلمانوں کو کھلے عام گالیاں دی جاتی ہیں اور بے دخل کرنے کی دھمکی دی جاتی ہے۔ تازہ معاملہ کٹنگی کا ہے جہاں شدت پسند ہندو ہندوتوا تنظیموں وشوا ہندو پریشد (وی ایچ پی) اور بجرنگ دل کے ارکان   مسلمانوں کے خلاف اشتعال انگیز تقاریر  اور اشتعال انگیز بیانات دے رہے ہیں، جس سے اقلیتی گروپ خوف کی حالت میں ہے۔

گزشتہ روز بدھ 26 جون کو کٹنگی کے علاقے تلہ بابا پہاڑی میں مختلف مقامات پر مقامی لوگوں کو 50 سے زائد جانوروں کی ہڈیاں اور دیگر باقیات ملنے کے بعد شدت پسند گروپ کا ہنگامہ شروع ہو گیا ۔وی ایچ پی اور بجرنگ دل کے ارکان نے مبینہ طور پر ہڈیاں جمع کیں اور پولیس کو اطلاع دی۔ رہائشیوں کا خیال تھا کہ مویشیوں کے اسمگلروں نے گائے کو مار ڈالا، ان کی کھالیں اور گوشت لے لیا اور ہڈیاں چھوڑ دیں۔اطلاع ملنے پر پولیس، میونسپل کونسل کے ارکان، ویٹرنری ڈاکٹروں اور مقامی عہدیداروں پر مشتمل ایک ٹیم موقع پر پہنچ گئی۔ انہوں نے تمام ہڈیاں اکٹھی کر کے فرانزک جانچ کے لیے بھیج دیں۔اس کے بعد طبی معائنے کے بعد انتظامیہ نے دعویٰ کیا کہ جانور کی باقیات گائے کی نہیں ہیں اور ان کی عمر دو سال سے زیادہ ہے۔

جبل پور کے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس پی) آدتیہ پرتاپ سنگھ نے اس مسئلے پر بات کرتے ہوئے کہا کہ "فارنزک نتائج کے مطابق ہڈیاں کئی ماہ پرانی معلوم ہوتی ہیں۔ تاہم فرانزک رپورٹ کے بعد مزید کارروائی کی جائے گی۔

تاہم، رپورٹوں سے غیر مطمئن وی ایچ پی اور بجرنگ دل کے کارکنوں نے انتظامیہ کے نتائج کو مسترد کر دیا اور ضلع کلکٹر پر "بیرون ملک سے فنڈ” لینے کا الزام لگاتے ہوئے احتجاجی ریلیاں نکالیں۔

انٹرنیٹ پر سامنے آنے والی ویڈیوز کی ایک سیریز میں، ایسی ہی ایک ریلی کے دوران ہندوتوا کے ارکان کو اشتعال انگیز ریمارکس کرتے ہوئے سنا جا سکتا ہے، جس میں مسلمان باشندوں کو دھمکی دی جاتی ہے۔ ان سے "گھر خالی کرنے” کے لیے کہا جا رہا ہے اور انھیں خبردار کیا کہ "ہم ہندو تمہارے گھروں کے پتے بدل دیں گے”۔

مظاہرین کو ’’جاگو ایک بار ہندو‘‘ گاتے اور مسلمانوں کے لیے گالیاں دیتے ہوئے بھی سنا گیا۔ انہوں نے لاؤڈ سپیکر پر مسلمانوں کے قتل عام اور بے دخل کرنے کی کھلی دھمکیاں بھی دیں۔ سامنے والے لوگوں کو بینرز اٹھائے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے جس پر لکھا ہے ’’گو ماتا کے سمان میں بجرنگ دل میدان  میں‘‘۔انہوں نے ریاستی انتظامیہ کے خلاف بھی نعرے لگائے اور الزام لگایا کہ انہوں نے "ایک مخصوص” کمیونٹی کو بچانے کے لیے جعلی رپورٹیں دیں۔

فرانزک رپورٹ کے بعد، ہندوتوا گروپ کے ارکان کے ساتھ سینکڑوں دوسرے لوگوں نے شہر میں احتجاج کا اعلان کیا اور 28 جون کو دوبارہ سڑکوں پر نکل آئے۔اطلاعات کے مطابق مظاہرین نے جبل پور-دموہ روڈ کو 4 گھنٹے تک بلاک رکھا اور یہاں تک کہ دکانوں اور اسکولوں سمیت پورے گاؤں کو بند رکھنے کا اعلان کیا۔بعد ازاں ضلع کلکٹر دیپک کمار سکسینہ سنگھ نے موقع پر پہنچ کر احتجاج کو پرسکون کیا اور انہیں دوبارہ تحقیقات کا یقین دلایا۔