ایلون مسک اور اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل مندوب کی ملاقات

واشنگٹن ،15 نومبر :۔

امریکہ میں اقتدار کی تبدیلی کے بعد جہاں بہت سی حیرت انگیز تبدیلیاں دیکھنے کو مل رہی ہیں وہیں انتہائی حیران کن خبر یہ ہے کہ  نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مشیر ایلون مسک نے اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل مندوب سے ملاقات کی ہے۔ایران اور اسرائیل کے درمیان کشیدگی کے درمیان نئی حکومت کے مشیر کی ایرانی مندوب سے ملاقات کے دعوے کے کئی معنے سمجھے جا رہے ہیں ۔

امریکی میڈیا نے دو ایرانی حکام کے حوالے سے ایلون مسک اور امیر سعید ایراوانی کی درمیان ہونے والی ملاقات کی تصدیق کی ہے۔امریکی میڈیا کے مطابق ایرانی حکام نے بتایا کہ دونوں شخصیات کے درمیان دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی ختم کرنے سے متعلق امور پر بات کی گئی۔امریکی میڈیا کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان ہونے والی ایک گھنٹہ طویل یہ ملاقات نیویارک میں ایک خفیہ مقام پر ہوئی، ملاقات سے متعلق اقوام متحدہ میں بائیڈن ایڈمنسٹریشن کے نمائندوں کو بھی آگاہ نہیں کیا گیا تھا۔

امریکی میڈیا کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ میں ایرانی مشن نے مستقل مندوب کی ایلون مسک سے ملاقات کی تردید کردی ہے تاہم ایلون مسک کی ٹیم کی جانب سے تاحال کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔واضح رہے کہ چند روز قبل نو منتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا تھا کہ ان کی نئی کابینہ میں ایلون مسک اور وویک راماسوامی گورنمنٹ ایفیشینسی کا محکمہ سنبھالیں گے۔