ایران کی اسرائیل کو جنگ میں مداخلت کی دھمکی

تہران،16 اکتوبر :۔

فلسطین میں جاری اسرائیلی جارحیت اب پڑوسی ممالک کو بھی اپنی آگ میں جھلسانے لگی ہے ۔اسرائیلی بمباری اور غزہ پٹی خالی کرنے کے انتباہ کے درمیان  ایران نے خبردار کیا کہ اگر اسرائیل نے اسرائیلی ڈیفنس فورسز (آئی ڈی ایف) کی متوقع زمینی کارروائی سے پہلے غزہ پر حملہ کیا تو صورتحال قابو سے باہر ہو جائے گی اور "کوئی بھی صورت حال پر قابو پانے کی ضمانت نہیں دے سکتا”۔ ایران کی وزارت خارجہ نے وزیر خارجہ حسین امیرعبداللہیان کے حوالے سے کہا کہ "اگر غزہ کے شہریوں کے خلاف صیہونی حکومت (اسرائیل) کے حملے جاری رہے تو کوئی بھی صورت حال پر قابو پانے اور تنازعات کے پھیلاؤ کی ضمانت نہیں دے سکتا”۔

یہ تبصرے گزشتہ روزاتوار کو قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی کے ساتھ وزارتی ملاقات کے دوران کیے گئے۔یروشلم پوسٹ کی رپورٹ کے مطابق ایران نے اقوام متحدہ کے ذریعے اسرائیل کو ذاتی پیغام بھیجا ہے جس میں اسرائیل کو دھمکی دی گئی ہے کہ اگر اس نے غزہ میں اپنی کارروائیاں جاری رکھیں اگر فوجی آپریشن جاری رہا تو وہ مداخلت کر سکتا ہے۔ تہران نے خبردار کیا ہے کہ اگر اسرائیل ڈیفنس فورسز (آئی ڈی ایف) نے غزہ پر بمباری بند نہ کی تو "دور رس نتائج” ہوں گے۔