ایران کا اسرائیل پر براہ راست بڑا حملہ ،400 سے زائد میزائل داغے گئے

ایران نے اسرائیل کی اہم فوجی تنصیبات اور ایئر پورٹ کو نشانہ بنایا،ہندوستانی سفارت خانہ نے شہریوں کے لئے ایڈوائزری جاری کی

تہران ،02 اکتوبر :۔

حزب اللہ چیف حسن نصراللہ کی موت کے بعد بھی اسرائیل کے ذریعہ لبنان پر حملہ جاری ہے ۔دریں اثنا ایران نے جوابی حملہ کرتے ہوئے گزشتہ شب اسرائیل پر بڑا حملہ کیا ہے۔  اسرائیل ڈیفنس فورس (آئی ڈی ایف) نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کی طرف سے بڑی تعداد میں بیلسٹک میزائل داغی گئی ہیں جو تقریباً 10 لاکھ شہریوں کو نشانہ بنا رہی ہیں۔ آئی ڈی ایف نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ دیر رات کی وہ ویڈیو بھی پوسٹ کی ہے جس میں بیلسٹک میزائل آسمان میں دکھائی دے رہے ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ایران نے 400 سے زائد بیلسٹک اور کروز میزائل اسرائیل پر داغے ہیں۔

ایران کے ذریعہ ڈائریکٹ اسرائیل پر حملہ کی وجہ سے مشرق وسطیٰ میں حالات بہت کشیدہ ہو گئے ہیں اور ہر طرف جنگ چھڑ جانے کے خدشات کا اظہار کیا جا رہا ہے۔عالمی طاقتوں نے بھی اپنے رد عمل کا اظہار کیا ہے۔امریکہ نے کھلے طور پر اسرائیل کی دفاع کی حمایت کی ہے ۔

اسرائیل پر براہ راست ایران کے حملے کے بعد   آئی ڈی ایف نے الرٹ جاری کر دیا ہے جس کے بعد پورے اسرائیل میں سائرن کی آوازیں گونج رہی ہیں۔ شہریوں سے شیلٹر میں رہنے کی گزارش کی گئی ہے۔ خصوصاً وسطی اور جنوبی اسرائیل میں مقیم لوگوں سے کہا گیا ہے کہ وہ بنکر میں چلے جائیں۔ ساتھ ہی اسرائیل نے اپنے سیکورٹی شیلڈ ’آئرن ڈوم‘ کو فعال کر دیا ہے۔ اسرائیل کا پورا زور ایرانی میزائلوں کو ناکام بنانے پر ہے۔

قابل ذکر ہے کہ حزب اللہ چیف نصراللہ کی موت کے بعد سے ہی اندیشہ ظاہر کیا جا رہا تھا کہ اسرائیل پر بڑا حملہ ہو سکتا ہے۔ ایران کی طرف سے بیلسٹک میزائل داغے جانے سے قبل امریکہ نے بھی اس حملہ کا اندیشہ ظاہر کیا تھا۔ ایک امریکی افسر نے دعویٰ کیا تھا کہ ایران اسرائیل پر میزائل حملہ کر سکتا ہے۔ اس سلسلے میں امریکہ نے ایران کو سنگین نتائج بھگتنے کی تنبیہ بھی کی۔ امریکہ کی طرف سے انپٹ ملنے کے بعد آئی ڈی ایف نے بھی بیان دیا تھا کہ وہ مقابلہ کرنے کے لیے ہر طرح سے تیار ہے۔  اب جبکہ ایران نے بیلسٹک میزائل سے حملہ کر دیا ہے تو اسرائیل کی پوری توجہ ان میزائلوں کو تباہ کرنے پر مرکوز ہو گئی ہے۔

اس درمیان اسرائیل واقع ہندوستانی سفارتخانہ نے اپنے شہریوں کے لیے ایڈوائزری جاری کر دی ہے۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ہندوستانی سفارتخانہ نے لکھا ہے کہ ’’علاقہ میں موجودہ حالات کے مدنظر سبھی ہندوستانی شہریوں کو الرٹ رہنے اور مقامی افسران کے بتائے سیکورٹی پروٹوکول پر عمل کرنے کا مشورہ دیا جاتا ہے۔ ملک اور ریاستوں کے اندر غیر ضروری سفر کرنے سے بچیں اور محفوظ پناہ گاہوں کے قریب رہیں۔ سفارتخانہ حالات پر باریکی سے نظر بنائے ہوئے ہے۔‘‘