ایران اسرائیلی کشیدگی کے درمیان دہلی میں اسرائیل کے خلاف  احتجاجی ریلی

طلبہ گروپوں اور بائیں بازو کی سیاسی تنظیموں کی جنتر منتر پر منعقد احتجاج میں سیکڑوں افراد کی شرکت، ’فلسطین زندہ باد‘ کے نعرے  

دعوت ویب ڈیسک

نئی دہلی،19 جون :۔

ایران اور اسرائیل کے درمیان جاری کشیدگی کے دوران دہلی کے جنتر منتر پر  سیکڑوں کی تعداد میں طلبا اور عوام نے اسرائیل کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی ۔ اس دوران مظاہرین نے "فلسطین زندہ باد” کے زبردست نعرے لگائے اور فلسطین میں اسرائیلی جارحیت  کی مذمت کرتے ہوئے اسے جلد ختم کرنے کا مطالبہ کیا۔  تشدد کی حمایت کرنے پر امریکہ پر تنقید کی۔  رپورٹ کے مطابق، طلبہ گروپوں اور بائیں بازو کی سیاسی جماعتوں کی طرف سے منعقد کی گئی ریلی میں ہندوستان سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ فلسطین کے مظلوم عوام کے ساتھ کھڑا ہو اور اسرائیل اور امریکہ کے ساتھ اتحاد ختم کرے۔

مظاہرے میں دہلی یونیورسٹی کے طلباء اور کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا (سی پی آئی) اور دیگر ترقی پسند تنظیموں کے لیڈروں کی فعال شرکت  نظر آئی۔ مظاہرین نے بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر "ہم اسرائیل کے خلاف فلسطینیوں کی جدوجہد کو سراہتے ہیں” اور "صیہونیت اور سامراج کے اتحاد کے خلاف ہماری یکجہتی زندہ باد” جیسے پیغامات درج تھے۔

ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ایک طلبہ کارکن نے اعلان کیا کہ ’’یہ احتجاج اسرائیل اور امریکہ کے سامراجی اتحاد کی طرف سے فلسطینیوں کی منظم نسل کشی کے خلاف ہے۔ ہم غزہ کے لیے انصاف اور آزادی کا مطالبہ کرتے ہیں۔‘‘

ایک اور مظاہرین نے وزیر اعظم نریندر مودی کی خارجہ پالیسی کو تنقید کا نشانہ بنایا اور ہندوستان سے "صہیونی ریاست سے علیحدگی اختیار کرنے” کا مطالبہ کیا۔ بائیں بازو کے رہنماؤں نے ہندوستانی حکومت پر بین الاقوامی قانون کو نظر انداز کرنے اور فلسطینیوں کے حقوق کی حمایت کرنے والی اقوام متحدہ کی قراردادوں پر آنکھیں بند کرنے کا الزام لگایا۔سی پی آئی کے رہنمانے کہا، ’’ہندوستانی حکومت کو فلسطین کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیے، جارحیت کرنے والوں کے ساتھ نہیں۔

واضح رہے کہ یہ احتجاج غزہ کے بگڑتے ہوئے حالات کے درمیان ہوا، جہاں مبینہ طور پر 60,000 فلسطینی اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔ ہزاروں مزید زخمی یا بے گھر ہو چکے ہیں اور   خطے  میں خوراک، پانی اور طبی  سہولیات کی شدید قلت کا سامنا ہے۔

مظاہرین نے   حکومت ہند پر زور دیا کہ وہ اپنا اسرائیل نواز موقف ترک کرے اور مظلوموں کے حقوق کے لیے آواز بلند کرے۔  یہ ریلی دنیا کے لیے ہمارا پیغام ہے – جب بے گناہوں کا قتل عام ہو رہا ہو تو ہم خاموش نہیں رہ سکتے۔ فلسطین انصاف کا مستحق ہے۔