ایرانی صدر کے انتقال پرہندوستان میں ایک روزہ قومی سوگ کا اعلان
نئی دہلی، 20 مئی :۔
حکومت ہند نے ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کے انتقال پر ایک دن کے قومی سوگ کا اعلان کیا ہے۔ وزارت داخلہ کے مطابق، مہلوکین سے اظہار تعزیت کے لئے حکومت ہند نے 21 مئی (منگل) کو پورے ملک میں ایک دن کے سرکاری سوگ کا اعلان کیا ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر ابراہیم رئیسی اور وزیر خارجہ حسین امیرعبداللہیان ہیلی کاپٹر کے حادثے میں جاں بحق ہوگئے ہیں۔ یوم سوگ کے موقع پر ان تمام عمارتوں پر قومی پرچم سرنگوں رہے گا جہاں قومی پرچم باقاعدگی سے لہرایا جاتا ہے اور اس دن کوئی سرکاری تفریحی پروگرام نہیں ہوگا۔
قابل ذکر ہے کہ گزشتہ روز ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کا ہیلی کاپٹر آذربائیجان سے واپسی پر گر کر تباہ ہو گیا تھا۔ جس میں ان سمیت ملک کے چار اہم رہنما جاں بحق ہو گئے۔ ہیلی کاپٹر خراب موسم اور پہاڑی علاقے کے باعث گر کر تباہ ہوا۔
دہلی میں ایران کے سفارتخانے کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ایران اور ہندوستان کی مشترکہ خوشی اور غم کی طویل تاریخ ہے۔ ایرانی صدر کی موت کے بعد مشکل کی اس گھڑی میں حکومت ہند اور عوام کی طرف سے دی گئی حمایت اور ہمدردی کو ایرانی عوام یقینی طور پر یاد رکھیں گے۔