’سنسکرت یونیورسٹی بل‘ لوک سبھا میں پیش
’سنسکرت یونیورسٹی بل 2019‘ لوک سبھا میں پیش
نئی دہلی: سنسکرت زبان کو فروغ دینے، ثقافت اور مذہبی کتابوں سے متعلق تعلیم کے میدان میں اعلیٰ تعلیم اور ریسرچ کو فروغ دینے والی’مرکزی سنسکرت یونیورسٹی بل 2019‘ بدھ کے روز لوک سبھا میں پیش کی گئی فروغ انسانی وسائل کے وزیر رمیش پوکھریال نے یہ بل پیش کیا۔ بل کا مقصد سنسکرت کے تین ڈیمڈ یونیورسٹیوں راشٹریہ سنسکرت سنستھان، لال بہادر شاشتری راشٹریہ سنسکرت ودیاپیٹھ اور راشٹریہ سنسکرت ودیاپیٹھ کو مرکزی سنسکرت یونیورسٹی کے طور پر ترقی دینا ہے۔ اس یونیورسٹی کی تشکیل سے سنسکرت اور دھرم گرنتھ سے متعلق تعلیم کو گریجویشن، ڈاکٹریٹ ،پوسٹ ڈاکٹریٹ اور تحقیق کو فروغ دینا ہے۔ اس سے سنسکرت کو بہتر فیکلٹی ممبر ملنے، غیر ملکی طلبہ، سنسکرت کے علماء اور عالمی سطح کے افراد کو ان میں پڑھانے کے لیے توجہ اور ترغیب دلائی جائے گی۔
لوک سبھا: ریاستوں کو اب تک جی ایس ٹی کا حصہ نہ ملنے پر ہنگامہ
نئی دہلی: جی ایس ٹی سے حاصل ہونے والے ٹیکس کا حصہ ریاستوں کو نہ دیئے جانے کا الزام لگاتے ہوئے بدھ کے روز اپوزیشن پارٹیوں نے لوک سبھا میں وقفہ سوالات کے دوران زبردست ہنگامہ کیا۔ وقفہ سوالات شروع ہوتے ہیں ممبران کا نام لیا گیا تو ٹی ایس آر اور شیو سینا کے ممبران ہاتھوں میں تختیاں لے کر کھڑے ہوگئے ۔جی ایس ٹی میں ریاستوں کے حصے کا مطالبہ کرتے ہوئے انہوں نے نعرے بازی شروع کردی۔ ان کی حمایت میں ترنمول کانگریس کے ارکان بھی اپنی جگہ پر کھڑے رہے۔
لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا نے ہنگامہ کرنے والے ارکان کو خاموش کراتے ہوئے کہا کہ ایوان میں رولنگ دی گئی ہے جس کے تحت جو بھی تازہ ترین معاملے ہوں گے، انہیں اس وقفہ سوال کے بعد اٹھانے کی اجازت دی جائے گی۔ اس کے بعد اپوزیشن کے ارکان خاموش ہو کر اپنے مقام پر بیٹھ گئے۔
دہشت گردوں کو فنڈ مہیا کرانے کےمعاملے میں حافظ سعید قصوروار قرار
اسلام آباد: پاکستان میں لاہور کی ایک انسداد دہشت گردی عدالت نے ممبئی دہشت گردانہ حملے کے ماسٹرمائنڈ اور جماعت الدعویٰ کے سربراہ حافظ سعید کو دہشت گردوں کو فنڈ مہیاکرانے کے معاملے میں بدھ کو قصوروار ٹھہرایا۔
ڈان نیوز کے مطابق جسٹس ملک ارشد بھٹا نے سعید اور جماعت سے منسلک چار دیگر لوگوں کو اس معاملے میں قصوروار قرار دیا ہے۔جج نے اس اعلان کے بعد عدالت کی کارروائی کل تک کےلئے ملتوی کردی۔ پنجاب پولیس کے انسداد دہشت گردی محکمے نے 17 جولائی کو سعید اور اس کے ساتھیوں کے خلاف پنجاب صوبے کے کئی شہروں میں دہشت گردوں کو فنڈ مہیا کرانے کے الزام میں 23 معاملے درج کئے تھے۔اس کے بعد سعید کو گرفتار کیاگیاتھا۔ عدالت نے ہفتے کو اس معاملے کے ایک ملزم کے حاضر نہ ہونے کی وجہ سے اپنا فیصلہ نہیں سنایاتھا۔
حیدر آباد انکاؤنٹر: سپریم کورٹ معاملے کی جانچ کے لیے سابق جج کی تقرری کرے گا
حیدر آباد انکاؤنٹر پر سپریم کورٹ نے کہا ہے کہ ہم اس معاملے کی جانچ کے لیے سپریم کورٹ کے سابق جج کی تقرری کریں گے جو دہلی میں بیٹھیں گے اور واقعہ کی جانچ کریں گے۔
گواہاٹی میں شہریت ترمیمی بل کے خلاف زبردست مظاہرہ، پولس نے داغے آنسو گیس کے گولے
ایک طرف راجیہ سبھا میں شہریت ترمیمی بل پر بحث جاری ہے اور دوسری طرف پورے ملک میں اس بل کے خلاف لوگ سڑکوں پر احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔ آسام میں کئی مقامات پر مظاہرے پرتشدد بھی ہو رہے ہیں۔ تازہ ترین خبروں کے مطابق آسام کے گواہاٹی میں مظاہرہ کر رہی عوام پر پولس نے آنسو گیس کے گولے داغے۔ یہ لوگ مطالبہ کر رہے تھے کہ کسی بھی حال میں شہریت ترمیمی بل 2019 کو پاس نہیں کیا جائے کیونکہ یہ ان کی شناخت اور کاروبار دونوں کے لیے نقصان دہ ہے۔
ایشیائی ڈیولپمنٹ بینک نے ہندوستانی معاشی شرح ترقی کا اندازہ گھٹا کر 5.1 فیصد کیا
معاشی محاذ پر مودی حکومت کے لیے مزید ایک بری خبر سامنے آئی ہے۔ ایشیائی ڈیولپمنٹ بینک نے 20-2019 کے لیے ہندوستانی کی معاشری شرح ترقی کا اندازہ 6.5 فیصد سے گھٹا کر 5.1 فیصد کر دیا ہے۔ قابل ذکر ہے کہ اس سے پہلے بھی کئی ریٹنگ ایجنسیز نے ہندوستانی شرح ترقی کا اندازہ گھٹایا ہے جس کے بعد ملک پر سایہ فگن معاشی بحران کا خطرہ مزید بڑھ گیا ہے۔
گجرات فساد: ناناوتی-مہتا کمیشن کی رپورٹ میں مودی کی قیادت والی گجرات حکومت کو ملی کلین چٹ
گجرات اسمبلی میں آج ناناوتی-مہتا کمیشن کی رپورٹ پیش کی گئی۔ یہ رپورٹ گودھرا ٹرین آتشزدگی واقعہ کے بعد ہوئے فساد پر مبنی ہے جس میں اس وقت کے وزیر اعلیٰ نریندر مودی کی قیادت والی حکومت کو بری الذمہ قرار دیا گیا ہے۔
97ویں سالگرہ پر شہنشاہ جذبات دلیپ کمار نے ٹوئٹ کر اپنے شیدائیوں سے کہا ’شکریہ‘
11 دسمبر کو شہنشاہ جذبات دلیپ کمار 97 سال کے ہو گئے۔ اس موقع پر ان کے شیدائیوں کے ذریعہ مبارکباد کا طویل سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔ دلیپ کمار نے اس کے لیے شکریہ ادا کرتے ہوئے ایک جذباتی ٹوئٹ کیا ہے جس میں انھوں نے لکھا ہے کہ ’’اس 97 سالگرہ پر گزشتہ رات سے ہی کالز اور پیغامات آ رہے ہیں۔ شکریہ! تقریبات اہم نہیں ہیں، آپ لوگوں کی محبتوں، خلوص اور دعاؤں سے میری آنکھیں شکر کے جذبے اور آنسوؤں سے لبریز ہو جاتی ہیں۔‘‘
’مڈ ڈے میل‘ مقوی غذا فراہم کرنے کا ذریعہ، لیکن بچوں کو کبھی نمک روٹی مل رہی کبھی پانی والی دال: پرینکا گاندھی
مڈ ڈے میل کو لے کر کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے اتر پردیش کی یوگی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ آج پرینکا گاندھی نے اپنے ٹوئٹر ہینڈل سے کچھ تصویریں شیئر کی ہیں جس میں بچوں کو کھانے میں پانی والی دال دیے جانے کا انکشاف ہو رہا ہے۔ انھوں نے ان تصویروں کے ساتھ لکھا ہے کہ ’’اتر پردیش سے لگاتار سرکاری اسکول کے بچوں کو دوئم درجہ کا مڈ ڈے میل دینے کی خبریں آتی ہیں۔ مڈ ڈے میل کا مقصد تھا بچوں کو عزت کے ساتھ مقوی غذا فراہم کرنا۔ لیکن یو پی میں بچوں کو کبھی نمک روٹی، کبھی پانی والی دال، کبھی پانی والا دودھ دیا جاتا ہے۔‘‘
تبریز انصاری موب لنچنگ کے 6 ملزمین کو ملی ضمانت، اہل خانہ مایوس
جھارکھنڈ کے سرائے کیلا میں بھیڑ کے ذریعہ پیٹ پیٹ کر مارے گئے تبریز انصاری قتل معاملے کے 11 میں سے 6 ملزمین کو رانچی ہائی کورٹ سے ضمانت مل گئی۔ سماعت کے دوران ان کے وکیل اے کے ساہنی نے عدالت کو بتایا کہ تبریز انصاری معاملہ میں ان کا نام ایف آئی آر میں درج نہیں ہے اس لیے ضمانت ملنی چاہیے۔ ان ملزمین کو ضمانت مل جانے کی خبر سے تبریز انصاری کے اہل خانہ میں مایوسی ہے۔