اگر سی اے اے واپس نہیں لیا گیا تو بڑے پیمانے پر کریں گے احتجاج، دلت اور آدیواسی رہنماؤں نے کیا حکومت کو متنبہ
نئی دہلی، جنوری 17: مسلمانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے دلت، آدیواسی اور پسماندہ ذات کے رہنماؤں نے جمعرات کے روز اگر مرکزی حکومت متنازعہ قانون کو واپس لینے سے انکار کرتی ہے تو شہریت ترمیمی قانون کے خلاف ملک گیر احتجاج شروع کرنے کا اعلان کیا۔
پریس کلب آف انڈیا میں "سی اے اے، این آر سی اور این پی آر کے خلاف اتحاد” کے زیر اہتمام پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ مذہبی امتیاز پر مبنی قانون اس معاشرے کو تقسیم کرنے کا ارادہ ہے جو طویل مدت سے ملک کو کمزور کر رہا ہے، قابل قبول نہیں ہے۔ وہ اپنی پوری طاقت کے ساتھ اس کی مخالفت کریں گے۔
پریس میٹنگ سے خطاب کرنے والوں میں جواہر لال نہرو یونی ورسٹی کے پروفیسر سوناجھری منج، ریٹائرڈ آئی پی ایس آفیسر اور معروف سماجی کارکن ایس آر داراپوری، امبیڈکر مہاسبھا کے صدر اشوک بھارتی، دلت دانشور انیل چمادیا اور دہلی یونی ورسٹی کے پروفیسر این سوکمار شامل تھے۔
داراپوری نے کہا کہ جو قانون آئین کے بنیادی اصولوں کی خلاف ورزی ہے اس پر عمل درآمد نہیں ہونے دیا جاسکتا۔ انھوں نے کہا کہ بی جے پی حکومت کے ذریعہ لایا گیا CAA آئین کی بنیادی دفعات کی خلاف ورزی ہے اور یہ مسلمانوں کو ہراساں کرنے کے لیے استعمال ہوگا۔ انھوں نے کہا "دلت اس مسئلے پر مسلمانوں کے ساتھ ہیں کیونکہ وہ اس قانون کے خطرات کو بخوبی سمجھتے ہیں۔”
داراپوری نے کہا "اس بات کی کیا ضمانت ہے کہ جو حکومت مسلمانوں کے سلسلے میں آئین میں مساوات کے اصولوں کی خلاف ورزی کر رہی ہے، وہ دلتوں، آدیواسیوں اور پسماندہ ذاتوں اور برادریوں کے حوالے سے ایسا نہیں کرے گی۔”
دلت کارکن اور امبیڈکر مہاسبھا کے صدر اشوک بھارتی نے کہا کہ "حکومت نے دستور ہند پر حلف اٹھایا ہے، منو سمرتی پر نہیں۔ اگر وہ منوسمرتی کے مطابق ملک میں قانون سازی کرنا اور چلانا چاہتے ہیں تو ہم اسے ہر گز قبول نہیں کریں گے۔”
انھوں نے پوچھا "حکومت مظلوم دلتوں اور آدیواسیوں کے لیے کیا کر رہی ہے؟ کیا ان پر اس لیے ظلم کیا جارہا ہے کیونکہ وہ ایک خاص ذات سے تعلق رکھتے ہیں؟ حکومت دلتوں اور آدیواسیوں پر مظالم کی بات کیوں نہیں کررہی ہے؟”
اتحاد کے نمائندوں کا کہنا تھا کہ وہ مذہبی امتیاز کی بنیاد پر سی اے اے کے مخالف ہیں۔ انھوں نے کہا "اگر حکومت اسے واپس لینے میں ناکام رہی تو ہم دلتوں، آدیواسیوں اور دیگر پسماندہ ذات کے لوگوں کے ساتھ مل کر اس کے خلاف ملک گیر احتجاج شروع کریں گے۔”
ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت مسلمانوں کو نشانہ بنا رہی ہے اور انہیں ہر طرح کے مظالم کا نشانہ بنا رہی ہے۔ نریندر مودی حکومت کے دوران دلتوں اور آدیواسیوں کو بھی منظم حملوں کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ انھوں نے کہا "کوئی دن نہیں گزرتا جب ملک کے ایک یا دوسرے کونے سے دلتوں اور آدیواسیوں پر مظالم کے واقعے کی اطلاع نہ ملتی ہو۔”