اڈیشہ:مغرب کے نماز کے وقت مسجد کے قریب بم دھماکہ کرنے والا 19 سالہ نوجوان گرفتار
اڈیشہ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ایک دن بعد سناری پاڑہ کے ابھیلاش مشرا کو گرفتار کر کے اس کے پاس کے دیگر اوزار اور مواد بھی بر آمد کیا
بھونیشور،29مارچ :۔
اڈیشہ کے سنبل پور کے پیر بابا چوک میں مسجد کے قریب گزشتہ روز منگل کو مغرب کی نماز کے وقت دہشت گرد کے ذریعہ بم پھیکا گیا ،اس واقع کے بعد پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ایک دن بعد، پولیس نے بدھ کو اس واقعہ کے سلسلے میں ایک 19 سالہ نوجوان کو گرفتار کر لیا۔
رپورٹ کے مطابق ملزم کی شناخت ٹاؤن پولیس کے تحت بڑابازار میں سناری پاڑہ کے ابھیلاش مشرا کے طور پر کی گئی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم نے جرم کا اعتراف کیا ہے اور یہ انتقامی کارروائی تھی۔ پولیس نے اس واقعے میں کوئی فرقہ وارانہ زاویہ سے انکار کیا ہے ، پولیس کو ملزم کے گھر سے پریشر بم بنانے میں استعمال ہونے والے کئی اوزار اور مواد بھی ملا ہے۔
آئی جی (ناردرن رینج) ہمانشو لال نے کہاکہ تفتیش کے بعد یہ پتہ چلا کہ یہ ذاتی انتقام کا واضح معاملہ تھا اور اس میں کوئی فرقہ وارانہ زاویہ شامل نہیں ہے۔ ہماری ٹیم نے ملزم کو کم سے کم وقت میں پکڑنے کے لیے رات بھر انتھک محنت کی ہے۔
رپورٹ کے مطابق منگل کو مغرب کی نماز کے بعد سمبل پور کی مسجد کے باہر شرپسندوں نے اوور بریج سے دستی بم پھینکا اور فرار ہوگئے۔ بم دھماکہ میں تین مسلمان زخمی ہوئے تھے اور موقع پر کھڑی موٹر سائیکلوں کو بھی نقصان پہنچا تھا۔اس دھماکے کے بعد حالات کشیدہ ہو گئے تھے جسے کنٹرول کرنے میں پولیس کو انتھک محنت کرنا پڑی۔
تفصیلات کے مطابق اڈیشہ کے سمبل پور میں پیر بابا چوک پر واقع صدر مسجد کے باہر نماز مغرب کے بعد بم پھینکا گیا۔اس کے بعد مسجد کے قریب بڑی تعداد میں مسلمان جمع ہوگئے اور واقعہ کے خلاف احتجاج کیا۔پولیس نے موقع پر پہنچ کر صورتحال پر قابو پایا۔ پولیس نے اس معاملہ میں مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا تھا کلکٹر اکشے سنیل اگروال نے عوام سے پرامن رہنے کی اپیل کی تھی۔واقعہ کے ایک دن بعد پولیس نے دھماکے کے ملزم کو گرفتار کر لیا ۔