اپوزیشن اتحاد انڈیا کا 14نفرتی اینکروں کے بائیکاٹ کا اعلان، لسٹ جاری
نئی دہلی ،14 ستمبر :۔
اپوزیشن کے اتحاد انڈیا کولیشن کوآرڈینیشن کمیٹی کے اراکین کی پہلی میٹنگ گزشتہ روز بدھ کو دہلی شرد پوار کی رہائش گاہ پر منعقد ہوئی ۔ اس میٹنگ میں انڈیا کے رہنماؤں نے فیصلہ کیا تھا کہ وہ کچھ اشتعال انگیز اور نفرتی ٹی وی اینکرز کے شوز میں اپنے رہنماؤں اور ترجمانوں کو بھیجنا بند کر دیں گے، جس کے حوالے سے انڈیا الائنس کی میڈیا کمیٹی نے آج فہرست جاری کر دی ہے۔ اس فہرست میں کئی ٹی وی چینلز کے اینکرز کے نام شامل کیے گئے ہیں۔
اس فہرست کو کانگریس کے قومی ترجمان پون کھیڑا نے ٹوئٹر پر شیئر کیا ہے۔ پون کھیڑا نے ٹویٹ کیا اور لکھا کہ آج سہ پہر انڈیا میڈیا کمیٹی کے زیر اہتمام ایک ورچوئل میٹنگ میں مندرجہ ذیل فیصلہ لیا گیا
ان اینکرز کے شوز میں انڈیا جماعتوں کے نمائندے شرکت نہیں کریں گے۔ اس فہرست میں امن چوپڑا، پراچی پاراشر، روبیکا لیاقت، چترا ترپاٹھی، سدھیر چودھری، امیش دیوگن، ارنب گوسوامی، نویکا کمار، اے نرسمہن، گورو ساونت، ادیتی تیاگی، سوشانت سنہا، اشوک سریواستو، شیو ارور کے نام شامل ہیں۔