اوما بھارتی کے مطالبے کے باوجود بغیر او بی سی کوٹہ کے خواتین ریزرویشن بل دونوں ایوانوں میں پاس

اپوزیشن کے علاوہ بی جے پی کی سینئر رہنما اومابھارتی نے بھی او بی وی کے لئے کوٹہ نہ ہونے پر ناراضگی کا اظہار کیاتھا اور بغیر ترمیم کے بل پس نہ ہونے کی خواہش کا اظہار کیا تھا

نئی دہلی ،22ستمبر:۔

خواتین ریزرویشن بل لوک سبھا میں اکثریت سے پاس ہونے کے بعد 21 ستمبر کو دیر رات راجیہ سبھا میں بھی صوتی ووٹوں سے پاس ہو گیا  ہے ۔اس سلسلے میں  کانگریس سمیت تمام اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے او بی سی خواتین کے لئے بل میں کوٹہ مختص نہ کرنے کے خلاف آواز اٹھائی جا رہی تھی مگر تعجب خیز طور پر بغیر او بی سی کوٹہ مختص کئے اپوزیشن جماعتوں نے بھی بل کی حمایت میں ووٹنگ کی اور بی جے پی خواتین ریزرویشن بل کو بغیر کسی پریشانی کے دونوں ایوانوں میں کامیابی کے ساتھ پاس کرانے میں کامیاب ہو گئی۔

خواتین  ریزرویشن بل میں جہاں ایک طرف او بی سی اور مسلم خواتین کے لئے کوٹہ مختص نہ کئے جانے پر مسلم تنظیموں نے آواز اٹھائی ہے اور کوٹہ مختص کرنے  کا مطالبہ کیا ہے وہیں خود بی جے پی کے کچھ رہنماؤں نے بھی او بی سی کوٹہ مختص کرنے کا مطالبہ کیا ۔بی جے پی کی فائر برانڈ رہنما اوما بھارتی نے کھلے طور پر خواتین ریزرویشن بل میں او بی سی خواتین کے لئے کوٹہ مختص نہ کرنے پر اعتراض کیا اوربی جے پی کی تنقید کی۔اوما بھارتی نی گزشتہ روز ایوان میں بل پیش کئے جانے سے قبل کہا کہ وہ اس بات سے مایوس ہیں کہ لوک سبھا اور اسمبلیوں میں خواتین کے لئے 33 فیصد سیٹیں ریزرو کرنے والے بل میں دیگر پسماندہ طبقہ(او بی سی) کی خواتین کے لئے کوٹہ نہیں رکھا گیا ہے۔اوما بھارتی نے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ خواتین ریزرویشن بل پیش کیا گیا لیکن مجھے کچھ حد تک مایوسی کا احساس ہو رہا ہے کہ کیونکہ یہ او بی سی خواتین کے لئے ریزرویشن کے بغیر آیا ہے ۔ اگر اہم او بی سی خواتین کےلئے ریزرویشن یقینی نہیں کرتے ہیں تو بی جے پی میں ان کا اعتماد ٹو ٹ جائے گا۔

ٹی وی چینل اے بی وی پی سے بات کرتے ہوئے اوما بھارتی نے کہا کہ بی جے پی کے پاس موقع تھا کہ او بی سی کے لئے کچھ کریں تو انہوں نے ہاتھ کھڑے کر دیئے ۔انہوں نے کہا کہ میں ہمیشہ اور بے باک طریقے سے آواز اٹھاتی رہی ہوں چاہے وہ اٹل جی رہے ہوں یا اڈوانی جی یا کوئی اور۔میں نے ہمیشہ او بی سی سماج کو پارٹی سے جوڑنے کا کام کیا ہے ۔اس راستے سے میں کبھی ہٹی نہیں ہوں۔اور آج جب بی جے پی کے پاس موقع آیا کہ وہ خوشی سے پسماندہ طبقہ کو کچھ دے دے تو بی جے پی نے ہاتھ پیچھے کر لئے ۔میں چاہتی ہوں کہ بغیر او بی سی کے کوٹہ مختص کئے اس بل کو پارلیمنٹ سے پاس نہ کیا جائے ۔انہوں نے سخت تبصرہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ پسماندہ طبقے کے لوگ بھکاری نہیں ہیں جو مودی سرکار سے امید کریں گے ۔

واضح رہے کہ خواتین ریزر ویشن بل اپوزیشن اور خود بی جے پی کی سینئر رہنما کے مطالبات کے باوجود بغیر او بی سی کے لئے کوٹہ مختص کئے دونوں ایوانوں سے پاس ہو گیا ہے ۔راجیہ سبھا میں گزشتہ دیر رات تک اس بل پر بحث ہوئی اور آخر کار صوتی ووٹوں سے منظور کر لیا گیا۔