اور لڑو آپس میں  … ، عمر عبداللہ نے  انتخابی نتائج کے درمیان کانگریس اور عام آدمی پارٹی پر طنز

نئی دہلی ،08 فروری :۔

دہلی اسمبلی انتخابات 2025 کے نتائج کا اعلان جاری ہے۔ووٹوں کی گنتی کے درمیان سیاسی ہلچل تیز ہو گئی ہے۔رجحانوں میں 27 سال بعد بی جے پی کی مکمل اکثریت سے حکومت بننے جارہی ہے۔عام آدمی پارٹی کو زبر دست نقصان پہنچا ہےجہاں 68 سیٹیں جیت کر حکومت بنانے والی پارٹی کو محض 25 سے30 سیٹوں پر ہی اکتفا کرنا پڑ رہا ہے،تقریباًپچاس فیصد نقصان واضح طور پر نظر آ رہا ہے۔ اور کانگریس اپنا کھاتہ بھی کھولنے میں ناکام نظر آ رہی ہے۔دریں اثنا سیاسی رہنماؤں کی جانب سے عام آدمی پارٹی اور کانگریس کی آپسی لڑائیوں پر طنز شروع ہو گیا ہے۔ جموں کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبد اللہ نے انتخابی نتائج میں بی جے پی کی  جیت کے رجحانات کے درمیان زبر دست طنز کیا ہے۔نیشنل کانفرنس کےرہنما عمر عبد اللہ نے ٹوئٹ کر کے کانگریس اور عام آدمی پارٹی پر نشانہ سادھا ہے۔

رپورٹ کے مطابق سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر مہابھارت سیریل کا ایک منظر شیئر کرتے ہوئے عمر عبد اللہ نے صرف اتنا لکھا ، اور لڑو آپس میں۔۔۔ واضح ہے کہ ان کا شارہ دہلی میں کانگریس اور عام آدمی پارٹی کے الگ الگ الیکشن لڑنے کے فیصلے پر ہے۔

خیال رہے کہ کانگریس اور عام آدمی پارٹی انڈیا بلاک کا حصہ ہیں لیکن اسمبلی الیکشن میں یہ اتحاد کام نہیں کرتا ہے۔ پہلے ہریاہ او پھر دہلی میں کانگریس اور عام آدمی پارٹی نے ایک دوسرے کے خلاف الیکشن لڑا اور دونوں جگہوں پر ہی بی جے پی کو فائدہ ہوا ۔

واضح رہے کہ دہلی میں گزشتہ پانچ فروری کو ووٹنگ ہوئی تھی ۔نتائج کے اعلان سے قبل ایگزٹ پولس میں بی جے پی کی جیت کا دعویٰ کیا گیا تھا جو نتائج کے بعد درست ثابت ہوتا نظر آ رہا ہے۔ ابھی فائنل اور حتمی نتیجہ شام تک واضح ہو پائے گا۔