اورنگ زیب بی جے پی کے نئے شیواجی  

اورنگ زیب کے نام پر مہاراشٹر میں بی جے پی رہنماؤں کی اشتعال انگیزی اور ناگپور میں فساد پرشیوسینا (یو بی ٹی) کا بی جے پی پر طنز

نئی دہلی ،ممبئی ، 19 مارچ :۔

اورنگ زیب کے نام پر مہاراشٹر یں ہندو تنظیموں اور بی جے پی رہنماؤں کی اشتعال انگیزی کے بعد فرقہ وارانہ فساد پر اپوزیشن رہنماؤں نے سیدھے طور پر بی جے پی کی حکومت کو ذمہ دار قرار دیا ہے۔ اس سلسلے میں جہاں کانگریس اور دیگر اتحادی جماعتوں نے بی جے پی پر نشانہ سادھا ہے وہیں شیوسینا (یو بی ٹی) نے اپنے ترجمان ‘سامنا’ کے اداریے میں بی جے پی پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ اورنگ زیب کو شیواجی مہاراج سے زیادہ اہمیت دے رہی ہے۔

پارٹی کا کہنا ہے کہ اورنگ زیب کی قبر ہٹانے کا معاملہ سیاسی فائدے کے لیے اچھالا جا رہا ہے، جبکہ قبر کی حفاظت مرکزی سیکورٹی فورسز کر رہی ہیں، اور اس کے خلاف بی جے پی کی مہم ایک ڈرامے کے سوا کچھ نہیں۔ اداریے میں کہا گیا کہ اگر مرکز واقعی سنجیدہ ہے تو اسے قبر کی یادگار کا درجہ ختم کرکے زمین کو آزاد کرنا چاہیے۔

اداریے میں مہاراشٹر میں ہونے والے فسادات، خاص طور پر ناگپور میں اورنگ زیب کی قبر کے معاملے پر ہونے والی کشیدگی کا حوالہ دیا گیا۔ شیوسینا (یو بی ٹی) نے الزام لگایا کہ بی جے پی حکومت فسادات روکنے میں ناکام رہی ہے اور صرف بیانات دینے میں مصروف ہے۔ ناگپور کی 300 سالہ تاریخ میں ایسے فسادات کبھی نہیں ہوئے، لیکن اب بیرونی عناصر شہر میں داخل ہوکر امن خراب کر رہے ہیں، اور حکومت بے بس نظر آ رہی ہے۔ پولیس اور انٹیلیجنس ایجنسیوں کی ناکامی پر بھی سوالات اٹھائے گئے۔

اداریے میں مزید کہا گیا کہ بی جے پی لیڈران خود اورنگ زیب کی قبر مسمار کرنے کے لیے اقدامات کریں تو مہاراشٹر میں ہونے والی ہنگامہ آرائی رک سکتی ہے۔ بی جے پی رکن پارلیمنٹ پردیپ پروہت کے بیان، جس میں نریندر مودی کو "نیا شیواجی” کہا گیا، پر بھی سخت تنقید کی گئی اور کہا گیا کہ بی جے پی مہاراشٹر میں شیواجی مہاراج کے تاریخی کردار کو کمزور کرنا چاہتی ہے۔ قرآن کی بے حرمتی اور مذہبی منافرت کو ہوا دینے کے واقعات پر بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا کہ بی جے پی اپنے سیاسی فائدے کے لیے حالات بگاڑ رہی ہے اور ریاست میں مذہبی بنیادوں پر تقسیم پیدا کر رہی ہے۔