اورنگ زیب انصاف پسند باد شاہ تھا :عمران مسعود
ملک میں تاریخ کے نام پر نفرت پھیلائی جا رہی ہے

نئی دہلی 07 مارچ :۔
سماج وادی پارٹی مہاراشٹر اسٹیٹ کے صدر ابو عاصم اعظمی نےمغل باد شاہ اورنگ زیب پر دئے گئے اپنے سابقہ بیان پر معافی مانگ لی ہے وہیں دوسری جانب سہارنپور سے رکن پارلیمنٹ عمران مسعود نے اورنگزیب کی تعریف کرتے ہوئے ان کو ایک انصاف پسند بادشاہ قرار دیا ہے ۔ عمران مسعود نے کہا کہ اکھنڈ بھارت کا جو خواب اس وقت دیکھا جا رہا ہے ، وہ اکھنڈ بھارت اورنگزیب کے زمانے میں موجود تھا ۔ اورنگ زیب تقریباً پچاس برس تک ملک کے بادشا ہ رہے ۔اورنگ زیب نے پورے ملک کو جوڑنے کا کام کیا ۔ان کے دور حکومت میں ملک کی معاشی ترقی عروج پر تھی ۔نفرت پھیلا کر تاریخ کو مٹایا نہیں جا سکتا ۔ عمران مسعود نے اورنگزیب کو کسی بھی طرح کا ظالم اور سخت دل بادشاہ ماننے سے انکار کر دیا اور کہا کہ سبھی کو تاریخ کا مطالعہ کرنا چاہئے ۔تبت سے افغانستان تک اکھنڈ بھارت اور نگزیب زمانے میں ہی تھا ۔انہوں نے کہا کہ بنارس کی تاریخ پڑھنی چاہئے جہاں اورنگ زیب نے مندر بنوائے ہیں ۔آپ ایک فلم لاکر کسی کی تاریخ مسخ نہیں کر سکتے ۔انہوں نے کہا کہ ناقص علم نقصاندہ ہوتا ہے ۔
اس لیے تاریخ کا مطالعہ بہت ضروری ہے ۔عمران مسعود نے زور دے کر کہا کہ اورنگ زیب کے دور میں ظلم نہیں ہوا ۔مندر توڑے جانے کے سوال پر عمران مسعود نے کہا کہ کیلاش مانسروور کس نے آزاد کرایا تھا ؟ عمران مسعود نے کہا کہ مغلوں کی اولادیں یہیں پیدا ہویئں اور یہیں دفن ہوئیں ۔اس ملک کو لوٹنے والے مغل نہیں بلکہ انگریز تھے جو یہاں کی دولت لوٹ کر لے گئے ۔انہوں نے کہا کہ تاریخ کا مطالعہ مثبت طریقے سے کرنا چاہئے ۔ملک میں امن سلامتی کے ساتھ رہنا چاہئے نفرت پھیلانے کے لیے نہیں ۔کچھ لوگ ہیں جو صرف نفرت پھیلا نے کے لیے تاریخ پڑھتے اور بدلتے ہیں اور ملک میں نفرت کا ماحول پیدا کرتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ نفرت کے اس ماحول سے ملک کو نقصان ہو رہا ہے ۔ ملک بسنے والے ۲۵؍ کروڑ مسلمانوں کے جذبات کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا اور نہ ہی ان کو ملک سے نکالا جا سکتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ نفرت سبھی کے لیے نقصاندہ ہے۔ یہ ملک قانون سے چلے گا ۔ الہ آباد ہائی کورٹ کی طرف سے سنبھل کی جامع مسجد کو ’متنازعہ ڈھانچہ ‘ لکھے جانے کے معاملے میں عمران مسعود نے کہا کہ ۱۹۹۱ کا ورشپ ایکٹ کا کیا ہوا ۔اس پورے معاملے کی سماعت سپریم کورٹ میں ہوگی جہاں حقیقت سامنے آجائے گی ۔انہوں کہا کہ آئین بدلنے کی جو کوششیں ہو رہی ہیں وہ ملک کے لیے خطر ناک ہیں ۔ان حالات میں کانگریس سرینڈر نہیں کر سکتی ۔انڈیا گٹ بندھن پورے ملک میں کانگریس کی قیادت میں کام کر رہا ہے ۔لیکن اگر اس کو دبا دیا جائےگا تو پھر اتحاد نہیں چلےگا۔