اورنگ آباد میں فرقہ وارانہ کشیدگی کےدرمیان ایم آئی ایم کے رکن پارلیمنٹ نے مندر کا کیا دورہ

مندر کے ملازمین اور ذمہ داروں سے کی ملاقات ،ویڈیو پیغام کے ذریعہ ہندوؤں اور مسلمانوں سے افواہوں پر دھیان نہ دینے اور امن قائم رکھنے کی اپیل کی

اورنگ آباد ،30 مارچ :۔

اورنگ آباد کے کیراڈ پورہ میں پیش آئے فرقہ وارانہ کشیدگ کے درمیان افواہوں کا بازار بھی گرم ہے ۔دو گروپ کے نوجوانوں کے درمیان ہوئے تنازعہ کے بعد پولیس اور نجی گاڑیوں کو آگ کے حوالے کرنے کے بعد پھیلی کشیدگی پر پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے قابو پالیا ہے اور فی الحال علاقے میں امن قائم ہے مگر اس درمیان دونوں فرقوں کے درمیان افواہوں کا بازار بھی گرم ہے ۔جہاں پولیس نے شہریوں سے کسی بھی طرح کی افواہوں پر دھیان نہ دینے اور امن بنائے رکھنے کی اپیل کی ہے وہیں اورنگ آباد کے آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کے رکن پارلیمنٹ امتیاز جلیل نے  علاقے میں واقع رام مندر کا دورہ کیا اور وہاں کے لوگوں اور ذمہ داروں سے ملاقات کر کے ان کی خیریت بھی دریافت کی ۔ اس موقع پر انہوں نے مندر کے لوگوں کے ساتھ ویڈیو بنا کر دونوں فرقوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں سے  امن بنائے رکھنے کی اپیل بھی کی ہے ۔انہوں نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ آپ لوگو افواہوں پر بالکل دھیان نہ دیں ،میں اس وقت رام مندر میں ہوں اور مندر میں کچھ بھی نہیں ہوا ہے ۔جو کچھ ہنگامہ ہوا ہے وہ باہر سڑک پر ہوا ہے ۔انہوں نے کہا کہ میں تمام مذہب کے ماننے والوں سے اپیل کرتا ہوں کہ آج رام نومی ہے اور یقیناً اس تہوار کو ہمیں مل کر منانا چاہئے ،مسلمانوں سے بھی اپیل ہے کہ یہ رمضان کا مہینہ اسے بھی ہم سب مل کر منائیں گے۔یقیناً کچھ لوگوں نے غلط حرکتیں کی ہیں ۔انہیں ان کی سزا ملے گی ،شہر سے بڑا کوئی نہیں ہے ۔لیکن چند شر پسندوں کی وجہ سے ماحول خراب نہیں ہونا چاہئے،ہم یہاں ہمیشہ سے مل جل کر تہوار مناتے رہے ہیں۔

واضح رہے کہ اورنگ آباد (سنبھا جی نگر)میں گزشتہ رات کیراڈپورہ  علاقے میں شرپسندوں نے کچھ نجی اور پولیس کی گاڑیوں کو نذر آتش کر دیا۔ پولیس نے لوگوں کو منتشر کرنے کے لئے طاقت کا استعمال کیا اور اس کے بعد امن قائم ہو گیا۔ اورنگ آباد کے پولیس کمشنر نکھل گپتا نے کہا کہ شرپسندوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔