انہوں نے 3 گینگ ریپ کیے اور 14 لوگوں کو قتل کیا، کیا وہ نرمی کے مستحق ہیں؟

 بلقیس بانو کے وکیل کا سپریم کورٹ میں سوال

نئی دہلی ،09اگست :۔

بلقیس بانوعصمت دری معاملے میں سپریم کورٹ میں سماعت کے دوران بلقیس کی وکیل ایڈوکیٹ شوبھا گپتا نے پیر کے روز متعدد سنگین  سوال  کئے ۔انہوں نے عصمت دری کے مجرموں کو رعایت دیتے ہوئے رہا کرنے پرکہا کہ  کیا بلقیس بانو کے ساتھ اجتماعی عصمت دری کرنے اور اس کے خاندان کے 14 افراد کو اس کی آنکھوں کے سامنے قتل کرنے کے مجرم قرار دیے گئے افراد اس رعایت کے مستحق ہیں ۔ انہوں نے دلیل  دیا  کہ مجرموں کو ملنے والی سزا ان کے ذریعہ کیے گئے جرم کی نوعیت اور سنگینی کے متناسب ہونی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ”میں خود ان جرائم کو اجاگر کرنا چاہتی ہوں  جس سے انہیں پھانسی دی جائے۔ بلقیس کو خود بھی وحشیانہ طریقے سے متعدد بار گینگ ریپ کیا گیا جب وہ پانچ ماہ کی حاملہ تھیں۔ اس کے پہلے بچہ کو پتھر سے کچل کر مار دیا گیا۔ اس کی ماں اور ایک کزن کے ساتھ اجتماعی عصمت دری اور قتل کیا گیا۔ بلقیس کے چار کمسن بہن بھائیوں کو قتل کر دیا گیا۔ اس کے کزن کے دو دن کے بچے کو قتل کر دیا گیا تھا۔ خالہ اور چچا، دوسرے رشتہ داروں کوقتل کیاگیا۔

جسٹس بی وی ناگارتنا اور اجل بھویان کی بنچ گجرات بی جے پی حکومت کے ان 11 ہندو مجرموں کو معافی دینے کے فیصلے کے خلاف درخواستوں کی سماعت کر رہی تھی جنہیں 2002 میں گجرات میں مسلم نسل کشی کے دوران متعدد قتل اور پرتشدد جنسی زیادتی کے الزام میں عمر قید کی سزا سنائی گئی تھی۔ 15 اگست 2022 کو یوم آزادی کے موقع پر، بی جے پی حکومت کی طرف سے سزا میں معافی کی درخواست منظور ہونے کے بعد مجرموں کو رہا کر دیا گیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ”یہ کوئی  معمولی واقعہ نہیں ہے۔ مجرم ان کا پیچھا کر رہے تھے، یہ جاننے کی کوشش کر رہے تھے کہ وہ کہاں چھپے ہیں۔ وہ خون کے پیاسے تھے۔ جن لاشوں کو برآمد کیا  تھا ان کی حالت بہت بری تھی ان کے سر اور سینے زخمی تھے۔ صرف سات ہی  لوگوں کی ڈیڈ باڈی مل سکی۔

گپتا نے کہا کہ بلقیس اور اس کے خاندان نے 2002 میں گجرات میں نسل کشی شروع ہونے کے بعد فرار ہونے کی کوشش کی تھی۔ وہ 28 فروری سے تین مارچ تک فرار تھے۔  جب خاندان کو وحشیانہ طریقے سے ذبح کیا گیا۔انہوں نے مزید کہا کہ سزا میں کہا گیا ہے کہ 14 اموات اور تین گینگ ریپ ہو ئے ہیں۔

لائیو لاء کے مطابق، انہوں نے سپریم کورٹ کو بتایا کہ تکنیکی عوامل جیسے  غور و خوض کی کمی، معافی کے سوال کا فیصلہ کرتے وقت جرائم کی نوعیت  پر بھی کوئی سنجیدہ فکر نہیں کیا گیا۔

انہوں نے آگے کہا: "بلقیس نے اپنے پہلے بچے  کو پتھر سے کچلتے ہوئے دیکھا، وہ حملہ آوروں سے التجا کرتی رہی کیوں کہ وہ  لوگ بھی اسی کے علاقے سے تعلق رکھتے تھے۔ اس لیے وہ ان کا نام لےرہی تھی۔ وہ انہیں جانتی تھی کیونکہ وہ محلے سے تھے۔ لیکن انہوں نے اس پر یا اس کے خاندان پر کوئی رحم نہیں کیا… کیا یہ لوگ – مجرم جو ان جرائم کے مرتکب پائے گئے ہیں – ان کے ساتھ دکھائی جانے والی نرمی کے مستحق ہیں؟