انڈر گریجویٹ پروگرام سے امبیڈکر پر کورس ہٹانے کی دہلی یونیور سٹی کمیٹی کی سفارش
نئی دہلی ،23مئی :۔
دہلی یونیورسٹی کی اسٹینڈنگ کمیٹی نے بی آر امبیڈکر کے فلسفے پر انتخابی کورس کو انڈرگریجویٹ پروگرام سے خارج کرنے کی تجویز پیش کی ہے، جس کی یونیورسٹی کے فلسفہ ڈیپارٹمنٹ نے سخت مخالفت کی ہے۔
انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق امبیڈکر پر اختیاری کورس کو بی اے پروگرام (فلسفہ) سے ہٹانے کی تجویز سب سے پہلے 8 مئی کو پیش کی گئی تھی۔ اس کے بعد 12 مئی کو ہونے والی پوسٹ گریجویٹ اور انڈر گریجویٹ کورس کمیٹی کے اجلاس میں اس پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
فلسفہ ڈیپارٹمنٹ نے اسٹیندنگ کمیٹی اس تجویز کی سخت مخالفت کا اظہار کیا اور کہا کہ امبیڈکر ملک کے اکثریتی عوام کے نمائندہ ہیں،وہ ملک بھر کے دلتوں کے لئے مسیحا کی حیثیت رکھتے ہیں اور ان پر تحقیق بھی تیزی سے بڑھ رہی ہے۔ اسٹینڈنگ کمیٹی نے یہ تجویز قومی تعلیمی پالیسی 2020 کے تحت نصاب کا جائزہ لیتے ہوئے دی۔
انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق اسٹینڈنگ کمیٹی کے ارکان نے بتایا کہ ابھی اس میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی ہے اور حتمی فیصلہ اکیڈمک کونسل کے پاس ہے، جو تعلیمی معاملات میں فیصلہ کرنے والی اعلیٰ اختیاراتی باڈی ہے۔
اسٹینڈنگ کمیٹی کے چیئرمین اور کالجوں کے ڈین بلرام پانی نے کہا کہ”یہ (امبیڈکر کورس) کو ہٹایا یا نصاب سے باہر نہیں کیا جا رہا ہے اور کمیٹی نے ایسا کوئی مشورہ نہیں دیا ہے۔ یہ تجویز نئے اور پرانے کو رس کو ملانے کے سلسلے میں تھی۔ اور اس طرح نصاب کو تیار کرنا تھا کہ طلباء کے لیے نصاب پر کشش اور دلچسپ ہو جائے ۔ انہوں نے بتایا کہ بہت سے دوسرے کالج بھی اسے اپنے یہاں طلبا کو پڑھا سکیں۔