’’انلاک-3‘‘: کیا کھلا اور کیا نہیں؟
نئی دہلی، جولائی 29: مرکز نے ’’انلاک 3‘‘ کے لیے رہنما خطوط جاری کیے، جو کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے نافذ کی گئی پابندیوں کو ختم کرنے کا تیسرا مرحلہ ہے۔
یہ رہنما خطوط یکم اگست سے نافذ العمل ہوں گے۔
نئی ایڈوائزری کے تحت رات کا کرفیو مزید نافذ نہیں ہوگا اور ورزش خانے اور یوگا انسٹی ٹیوٹ کو 5 اگست سے خدمات دوبارہ شروع کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔ نئے رہنما خطوط کنٹینمنٹ زون کے باہر مزید سرگرمیوں کی اجازت دیتے ہیں۔ تاہم کنٹینمنٹ والے علاقوں میں لاک ڈاؤن 31 اگست تک بڑھا دیا گیا ہے۔
وزارت داخلہ نے کچھ سرگرمیاں درج کیں اور کہا کہ ممنوعہ سرگرمیوں کے سوا باقی سبھی چیزوں کو کنٹینمنٹ زون کے باہر اجازت دی جاسکتی ہے۔
ان کی اجازت ہوگی:
۔ رات کے وقت افراد کی نقل و حرکت
۔ 5 اگست سے یوگا انسٹی ٹیوٹ اور ورزش خانوں کو خدمات دوبارہ شروع کرنے کی اجازت ہوگی
۔ یوم آزادی کی تقریب جسمانی دوری کے ساتھ اور دیگر صحت پروٹوکول پر عمل کرنے کے ساتھ منانے کی اجازت ہوگی
۔ وندے بھارت مشن کے تحت محدود انداز میں مسافروں کے بین الاقوامی ہوائی سفر کی اجازت ہے
۔ "انلاک 3” کی ہدایات کے تحت خاص طور پر منع کی گئی سر گرمیوں کے سوا دیگر تمام سرگرمیوں کی اجازت ہوگی
جو بند رہے گا:
۔ میٹرو ریل آپریشن
۔31 اگست تک اسکول، کالج اور کوچنگ ادارے بند رہیں گے
۔ سوئمنگ پول، تفریحی پارکس، سنیما ہال، تھیٹر، بار، آڈیٹوریم بند رہیں گے
۔ سماجی، سیاسی، کھیل، تفریح، تعلیمی، ثقافتی اور مذہبی اجتماعات پر بھی پابندی جاری رہے گی۔
واضح رہے کہ آج صبح تک ہندوستان میں کورونا وائرس کے معاملات کی تعداد 48،513 نئے کیسوں کے ساتھ 15 لاکھ کے پار ہوگئی۔ وہیں ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 34،193 ہوگئی ہے۔ ملک میں اس وقت پانچ لاکھ سے زیادہ فعال مریض ہیں، جب کہ 9.8 لاکھ سے زیادہ مریض ٹھیک ہوگئے ہیں۔