انسانی حقوق کے رہنما ندیم خان کو پھنسانے کی سازش قابل مذمت   

 کانگریس کے نیشنل سکریٹری شاہنواز عالم نے کہا کہ بی جے پی  مظلوموں کی آواز کو دبانے کے لیے ندیم خان  کو پھنسانے کی سازش کر رہی ہے

نئی دہلی ،04 دسمبر :۔

انسانی حقوق کے معروف رہنما اور اے پی سی آر کے سر براہ ندیم خان کو انتظامیہ کی جانب سے بے جا حراساں کئے جانے کی کوششوں کی انصاف پسند طبقے نے مذمت کی ہے۔مظلوموں ،ناداروں اور بے گناہ افراد کو قانونی امداد فراہم کرنے والے شخص کو انتظامیہ کی جانب سے ٹارگیٹ کئے جانے پر تشویش کا اظہار کیا ہے ۔اسی سلسلے میں  کانگریس کے قومی سکریٹری شاہنواز عالم نے  اے پی سی آر کے قومی سکریٹری ندیم خان کو ہراساں کرنے اور پھنسانے کی دہلی پولیس کی کوششوں کی مذمت کی ہے۔

شاہنواز عالم نے میڈیا کو جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ ندیم خان اور ان کی تنظیم اے پی سی آر نفرت انگیز تقاریر، ہجومی تشدد اور شہریوں پر پولیس فائرنگ جیسے واقعات پر متاثرین سے مسلسل سوالات اٹھاتی رہی ہے اور انہیں قانونی مدد بھی فراہم کرتی رہی ہے۔

دہلی ہائی کورٹ نے منگل کو انسانی حقوق کے کارکن ندیم خان کو گرفتاری سے عبوری تحفظ فراہم کیا، جس پر دہلی پولیس نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہونے کے بعد "دشمنی کو فروغ دینے” اور "مجرمانہ سازش” کے الزام میں مقدمہ درج کیا تھا۔

جسٹس جسمیت سنگھ نے حکم دیا کہ خان، جو ایسوسی ایشن فار دی پروٹیکشن آف سول رائٹس (اے پی سی آر) تنظیم کے قومی سکریٹری ہیں، کو جمعہ تک گرفتاری سے تحفظ فراہم کیا جائے۔

جسٹس سنگھ نے ندیم خان اور اے پی سی آر کی درخواستوں پر نوٹس جاری کیا۔ خان نے دہلی پولیس کی ایف آئی آر کو منسوخ کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ "گشت پر مامور ایک سب انسپکٹر کو خفیہ ذرائع سے اطلاع ملی کہ سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو اپ لوڈ کیا گیا ہے۔  اس سے مقامی لوگوں میں کافی غصہ ہے اور یہ تشدد کا باعث بن سکتا ہے۔

ایف آئی آر میں کہا گیا کہ ویڈیو میں ایک شخص کو دکھایا گیا جس نے ایک نمائش میں اسٹال لگایا تھا اور وہ ایک بینر کی طرف اشارہ کر رہا تھا۔ وہ مبینہ طور پر ندیم اخلاق، روہت ویمولا، پہلو خان ​​کے بارے میں بات کر رہے تھے اور 2020 کے شاہین باغ مظاہروں، دہلی فسادات کا حوالہ دے رہے تھے، جس کے تحت مخصوص برادریوں کو متاثرین کے طور پر پیش کیا جا رہا تھا اور لوگوں کو اکسایا جا رہا تھا۔ پولیس نے بتایا کہ اسٹال اے پی سی آر نے لگایا تھا اور ویڈیو میں بات کرنے والا شخص خان تھا۔

کانگریس کے قومی سکریٹری شاہنواز عالم نے ندیم خان کے بارے میں کہا کہ انہوں نے ملک بھر میں بی جے پی حکومتوں کے فرضی مقدمات سے بہت سے بے قصور لوگوں کو بری کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سنبھل کی نچلی عدالت کی طرف سے عبادت گاہوں کے قانون کی خلاف ورزی کرتے ہوئے خلاف آئین ہدایات دینے کے بعد احتجاج میں شامل بے قصور مسلم نوجوانوں کے پولس قتل پر سوال اٹھاتے ہوئے انہوں نے بے قصوروں کو قانونی مدد فراہم کرنے کی بات بھی کی۔ جنہیں جیل بھیج دیا گیا۔

کانگریس لیڈر نے کہا کہ بی جے پی حکومت ان کی آواز کو دبانے کے لیے انہیں پھنسانے کی سازش کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی ندیم خان سمیت انسانی حقوق کے تمام رہنماؤں کے ساتھ کھڑی ہے اور انہیں ہراساں کرنے کی سازش میں ملوث پولیس افسران کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کرتی ہے۔