امپھال: 19علاقوں کے علاوہ مکمل منی پور شورش زدہ قرار،بی جے پی کا دفتر نذر آتش
امپھال،28ستمبر :۔
منی پور میں ایک بار پھر دو میتئی طالب علموں کے قتل کے بعد معاملہ سنگین طور پر خراب ہو گیا ہے ۔ منی پور حکومت نے یکم اکتوبر سے اسے 6 ماہ کے لیےافسپا میں پھر سے توسیع کر دی ہے ۔ بدھ کو اس سلسلے میں جاری ایک سرکاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ وادی کے 19 پولیس اسٹیشن اس علاقے میں شامل نہیں ہیں جنہیں ‘شورش زدہ ‘ قرار دیا گیا ہے۔ اس طرح ریاست کے 19 تھانوں کو اس قانون سے الگ رکھا گیا ہے۔
جن 19 تھانوں کے علاقوں کو آرمڈ فورسز اسپیشل پاورز ایکٹ سے مستثنیٰ رکھا گیا ہے ان میں امپھال، لینفل، سٹی، سنگجمی، سیکمائی، لامسانگ، پٹسوئی، وانگوئی، پورمپٹ، ہانگینگ، لامائی، ایرل بنگ، لیمکھونگ، تھوبول، بشنو پور، نمبول، مویر شامل ہیں۔ کاکچنگ اور جیری بام پولیس اسٹیشن کے علاقے۔ ریاستی حکومت نے بدھ کو کہا کہ اس نے امن و امان کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر یہ فیصلہ کیا ہے۔
بدھ کو جاری کردہ "شورش زدہ علاقوں” کا نوٹیفکیشن تشدد سے متاثرہ منی پور میں یکم اکتوبر سے نافذ العمل ہوگا۔ یہ چھ ماہ کے لیے لاگو ہوگا ۔ جس کے بعد مرکزی وزارت داخلہ منی پور کی صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد وقتاً فوقتاً اس میں اضافہ کر سکتی ہے۔
دریں اثناءخبر کے مطابق بی جے پی کے ایک ڈویژنل دفتر کو بدھ کو مشتعل ہجوم نے آگ لگا دی۔ ضلع تھوبل میں واقع اس دفتر کو طلبہ مظاہرین کے ایک بڑے گروپ نے نشانہ بنایا جس نے ریاست میں دو طلبہ کے قتل پر اپنے غصے کا اظہار کیا۔ وزیر اعلیٰ این۔ بیرن سنگھ نے بتایا کہ مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے قصور واروں کو سخت سے سخت سزا دینے کا یقین دلایا ہے۔ مظاہرین نے ٹائر جلا کر، لکڑی کے لٹھوں اور بجلی کے کھمبوں کا استعمال کرتے ہوئے انڈیا-میانمار ہائی وے کو بلاک کرنے کی کوشش کی۔ صورتحال اس وقت بگڑ گئی جب سیکورٹی فورسز نے ہجوم کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس کے شیل اور گولیوں کا استعمال کیا۔ مظاہرین نے گولیوں کا پتھروں سے جواب دیا۔
واضح رہے کہ منی پور میں بی جے پی کے دفتر کو جلانے کا یہ پہلا واقعہ نہیں ہے۔ جون کے شروع میں، ریاست میں بڑھتے ہوئے نسلی تناؤ کے درمیان شرپسندوں نے بی جے پی کے تین دفاتر میں توڑ پھوڑ کی تھی۔