’امریکی ڈالر دنیا کا سب سے بڑا مالیاتی دہشت گرد‘:اُدے کوٹک
معروف ماہر اقتصادیات اور کوٹک مہندرا بینک کے سی ای او نے بیان پر بحث کے بعد ٹوئٹ کے ذریعہ وضاحت کی اور کہا کہ میرا مطلب یہ تھا کہ ریزرو کرنسی میں غیر متناسب طاقت ہوتی ہے
نئی دہلی،30اپریل:۔
ملک کے معروف ماہر اقتصادیات اورکوٹک مہندرا بینک کے ایم ڈی اور سی ای او، ادے کوٹک نے جمعہ کو امریکی ڈالر کے خلاف ایک اہم تبصرہ کیا۔ ای ٹی ایوارڈز برائے کارپوریٹ ایکسیلنس 2023 کے پینل ڈسکشن میں شرکت کے دوران انہوں نے امریکی ڈالر کو "دنیا کا سب سے بڑا مالیاتی دہشت گرد” قرار دیا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق انہوں نے مزید کہا کہ "ہمارے سارے پیسے نوسٹرو اکاؤنٹس میں ہیں اور امریکہ میں کوئی ہم سے کہہ سکتا ہےکہ آپ اسے کل صبح سے نہیں نکال سکتے۔انہوں نے کہا کہ یہ ریزرو کرنسی کی طاقت ہے۔ میرے خیال میں ہم عالمی تاریخ کے ایک اہم موڑ پر ہیں جہاں دنیا شدت سے متبادل ریزرو کرنسی کی تلاش میں ہے۔
انہوں نے اس سنگین حالت کا موجودہ صورتحال سے موازنہ کیا، جس میں دنیا ایک متبادل ریزرو کرنسی کی تلاش میں ہے، اور اس بات پر زور دیا کہ سو سال میں ایک بار ہندوستانی روپیہ کے لیے دنیا کی ریزرو کرنسی بننے کا موقع ہے۔اس سلسلے میں انہوں نے دنیا بھر کی کرنسی کا ذکر کیا اور کہا کہ”مجھے نہیں لگتا کہ یورپ اپنی کرنسی کو ریزرو بنا سکتا ہے، کیونکہ یہ یورپ منقسم ریاستوں پر مشتمل ہے۔ مجھے نہیں لگتا کہ برطانیہ یا جاپان کے پاس اس پوزیشن کو لینے کی ضرورت ہے، حالانکہ برطانوی پاؤنڈ اور ین دونوں آزاد کرنسی ہیں۔ چین کے سلسلے میں انہوں نے کہا کہ میرے خیال میں،چین کا دنیا کے بہت سے ممالک کے ساتھ اعتماد کا ایک بڑا مسئلہ ہے۔ انہوں نے تجویز پیش کی کہ یورپ، برطانیہ، جاپان اور چین کے پاس اپنی کرنسیوں کو ریزرو کرنسی کے طور پر قائم کرنے کے لیے ضروری شرائط نہیں ہیں۔
اودے کوٹک کے حالیہ بیان کے بعدسوشل میڈیا پر بحث کا سلسلہ شروع ہو گیا جس پر ادے کوٹک کو اپنے بیان پر وضاحت بھی پیش کرنے کی ضرورت پڑی۔انہوں نے ٹوئٹ کے ذریعہ اپنے حالیہ بیان پر وضاحت کی ہے ۔منٹ کی رپورٹ کے مطابق انہوں نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ”امریکی ڈالر پر ایک حالیہ بحث میں میں نے نادانستہ طور پر "مالیاتی دہشت گرد” کے الفاظ استعمال کیے جسے میں درست کرنا چاہوں گا۔ میرا مطلب یہ تھا کہ ریزرو کرنسی میں غیر متناسب طاقت ہوتی ہے، چاہے وہ نوسٹرو اکاؤنٹ ہو، 500 بی پی ایس کی شرح میں اضافہ ہو ۔
کوٹک مہندرا بینک کے سی ای او نے مزید وضاحت کی کہ ریزرو کرنسی کے پاس نوسٹرو اکاؤنٹس میں رقم کو کنٹرول کرنے کا اختیار ہوتاہے، اور یہ کہ امریکہ میں کوئی شخص یہ حکم دے سکتا ہے کہ آیا اسے نکالا جا سکتا ہے یا نہیں۔ انہوں نے تجویز پیش کی کہ دنیا اس وقت ایک متبادل ریزرو کرنسی کی تلاش میں ہے اور تجویز پیش کی کہ ہندوستان کے پاس ہندوستانی روپے کو دنیا کے لیے ریزرو کرنسی بنانے کا موقع ہے۔