امریکی صدارتی الیکشن میں ٹرمپ کی تاریخی کامیابی،عالمی امن کا عہد  کا اعادہ کیا

واشنگٹن ،06 نومبر :۔

امریکہ کے صدارتی الیکشن میں ٹرمپ کی ایک بار پھر واپسی ہو گئی ہے۔ اس بار ٹرمپ میں امریکی انتخابات میں اب تک کی تاریخی جیت درج کی ہے۔اس تاریخی کامیابی کے بعد دنیا بھر سے  رہنماؤں نے ڈونلڈ ٹرمپ کو مبارکباد دی ہے۔ دریں اثنا انہوں نے تاریخی جیت کے بعد خوشی کا اظہار کیا ہے اور اپنے خطاب میں تمام امریکی رائے دہندگان کا شکریہ ادا کیا ہے۔ انہوں نے  اپنے خطاب میں امریکی عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ملک کو دوبارہ عظیم بنانے کا عزم ظاہر کیا۔ اپنے خطاب میں انہوں نے کہا، ’’یہ ایک تاریخی کامیابی ہے جو پہلے کسی کو حاصل نہیں ہوئی۔” ٹرمپ نے اس موقع پر امریکی عوام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی آخری سانس تک امریکہ کی خدمت کرتے رہیں گے اور ملک کو ترقی کی راہ پر لے جائیں گے۔

ٹرمپ نے جیت کے بعد اپنے خطاب میں  عالمی امن کے قیام کے لیے جنگوں کو روکنے کا عہد بھی کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ ایسی حکمت عملی اپنائیں گے جو نہ صرف امریکہ بلکہ پوری دنیا کے لئے امن و امان کا پیغام ثابت ہو۔ انہوں نے کہا کہ میں جنگوں کو پسند نہیں کرتا،میں کوئی جنگ شروع نہیں کروں گا،جنگوں کو ختم کروں گا۔

ٹرمپ نے اپنی تقریر میں زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ جیت صرف اُن کی نہیں بلکہ ہر امریکی کی جیت ہے۔ انہوں نے ملک کے مختلف ریاستوں سے ملنے والی حمایت پر ان ریاستوں کے نام لے کر وہاں کے لوگوں کا شکریہ ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکی عوام نے ایک اہم موڑ پر صحیح کا انتخاب کیا اور یہ تبدیلی تاریخی اہمیت رکھتی ہے۔

خاص طور پر ٹرمپ نے اپنی تقریر میں بارڈر سیکورٹی اور ملک میں غیر قانونی داخلوں کے حوالے سے بھی سخت اقدامات کا عندیہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ ان کی حکومت غیر قانونی گھسنے والوں کو روکنے کے لیے سرحدوں کو سیل کرے گی اور صرف قانونی طریقے سے آنے والوں کو ہی اجازت دی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ سرحدوں کی مضبوطی اور ملکی سلامتی ان کی اولین ترجیح ہوگی تاکہ امریکی عوام کی حفاظت یقینی بنائی جا سکے۔

واضح رہے کہ وہ انتخابی میٹنگوں کے دوران عوامی اجلاس میں بھی کہتے رہے ہیں کہ وہ نیتن یاہو سے بات کر کے غزہ کی جنگ رکوا دیں گے اور غیر قانونی طریقے سے امریکہ میں داخل ہونے والوں کو روکیں گے۔ اب جیت کے بعد انہوں نے ایک بار پھر اپنے عزم کا اعادہ کیا ہے۔