امریکہ کی صدارتی امیدوار کملا ہیرس کی ریلی میں آزاد فلسطین کا لگا نعرہ
واشنگٹن ،11 اگست :۔
امریکہ میں صدارتی الیکشن کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہے ۔ امیدوار جگہ جگہ ریلی کر کے اپنی حمایت میں ماحول بنا رہے ہیں ۔دریں اثنا ڈیموکریٹک صدارتی امیدوار کملا ہیرس کی ایک ریلی میں آزاد فلسطین کا نعرہ لگایا گیا ۔اس کے بعد کملا ہیرس نے ریلی میں نعرے لگانے والے فلسطینی حامیوں سے کہا کہ غزہ میں جنگ بندی کا وقت آگیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق، ہیرس نے ایریزونا کے دارالحکومت فینکس میں منعقدہ ریلی میں فلسطینی حامیوں کو "آزاد فلسطین” کے نعرے لگانے کا جواب دیا۔
امریکی نائب صدر کملا ہیریس نے کہا، "میں نے یہ واضح کر دیا ہے۔ اب جنگ بندی کا معاہدہ کرنے اور قیدیوں کے معاہدے کو انجام دینے کا وقت آگیا ہے۔”انہوں نے بتایا کہ وہ اور امریکی صدر جو بائیڈن جنگ بندی کا معاہدہ کرنے اور اسیران کی واپسی کے لیے کام کر رہی ہیں، وہ فلسطینی حامیوں کے خیالات کا احترام کرتی ہیں، لیکن یہ ریلی انتخابات سے تعلق رکھتی ہے۔
واضح رہے کہ7 اکتوبر سے غزہ کی پٹی پر اسرائیل کے حملوں میں 39 ہزار 700 فلسطینی، جن میں زیادہ تر بچے اور خواتین شامل ہیں، جاں بحق اور 91 ہزار 700 سے زائد افراد زخمی ہوئے۔ملبے تلے اب بھی ہزاروں کی تعداد میں مردہ افراد موجود ہیں، اسپتالوں اور تعلیمی اداروں کو بھی نشانہ بنا کر شہریوں کے انفراسٹرکچر کو تباہ کیا جا رہا ہے جہاں لوگوں نے پناہ لے رکھی تھی۔