امریکہ نے القاعدہ اور طالبان کے چار اعلی رہنماؤں کو عالمی دہشت گرد قرار دیا
نئی دہلی: امریکہ میں بائیڈن انتظامیہ نے برصغیر ہند میں القاعدہ (اے کیو آئی ایس) کے دو لیڈروں اور افغانستان میں تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے دو لیڈروں کو عالمی دہشت گرد کے طور پر قرار دیتے ہوئے ان کے ناموں کا آج اعلان کیا ہے۔
وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے ایک پریس ریلیز میں یہ اطلاع دی۔
مسٹر بلنکن نے کل دیر رات جاری اپنے بیان میں کہا ہے کہ ’’گزشتہ روز محکمہ خارجہ نے دو اے کیو آئی ایس اور ٹی ٹی پی کے دو لیڈروں کو ان کے متعلقہ گروپوں میں قائدانہ کردار ادا کرنے کے لیے عالمی دہشت گرد نامزد کیا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ چار افراد اسامہ محمود، عاطف یحیٰ غوری، محمد معروف اور قاری امجد ہیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ چاروں رہنما بالواسطہ طور پر دہشت گردی میں ملوث ہیں اور ان کی ایما پر دہشت گردانہ کاروائیاں انجام دی جاتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ امریکی حکومت افغانستان میں سرگرم القاعدہ اور طالبان دہشت گرد گروپوں سے نمٹنے کے لیے اپنے انسداد دہشت گردی کے آلات استعمال کرنے کے لیے پرعزم ہے۔