امریکہ: نیو یارک میں لاؤڈ اسپیکر پر اذان دینے کی ملی اجازت

نیویارک سٹی کے میئر ایرک ایڈمز نے کہا کہ مساجد سے نہ صرف جمعے کی بلکہ ماہِ رمضان میں روزانہ مغرب کی اذان لاؤڈ اسپیکر پر دی جائے گی اور اس کے لیے کسی پرمٹ کی ضرورت نہیں ہوگی

واشنگٹن،31اگست

امریکہ کے شہر نیویارک سٹی میں جمعہ کے روز اذان لاؤڈ اسپیکر پر دینے کی اجازت مل گئی جس سے نیویاک سٹی میں آباد تقریباً ساڑھے سات لاکھ مسلمانوں میں   خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔

امریکی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نیویارک سٹی کے میئر ایرک ایڈمز نے کہا اذان کے الفاظ اللہ کی کبریائی اور نبی کریم کی رسالت کی گواہی پر مشتمل ہیں اور یہ اذان نماز کی ادائیگی کی یاد دہانی کے لیے دی جاتی ہے۔

نیویارک سٹی کے میئر نے مزید کہا کہ نماز دین کے پانچ ستونوں میں سے ایک ہے جو دن میں پانچ بار قریبی مسجد میں ادا کرنے کا حکم ہے۔ اذان سن کر ہی نماز کے وقت کا پتا چلتا ہے۔

میئر ایرک ایڈمز نے بتایا کہ ان باتوں کو مدنظر رکھتے ہوئے میں نے فیصلہ کیا ہے کہ مساجد سے نہ صرف جمعے کی بلکہ ماہِ رمضان میں روزانہ مغرب کی اذان لاؤڈ اسپیکر پر دی جائے گی اور اس کے لیے کسی پرمٹ کی ضرورت نہیں ہوگی۔

نیویارک سٹی کے میئر نے کہا کہ اذان کے لیے استعمال ہونے والے لاو ڈ اسپیکر کی جانچ پڑتال اور ساونڈ کو مناسب لیول پر رکھنے کے لیے پولیس، مسجد انتظامیہ کے ساتھ مل کر گائیڈ لائنز پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں گے۔

نیویارک کی مسلم امریکن کمیونٹی کی جانب سے نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ کے میمو کا خیر مقدم کیا گیا ہے اور انہوں نے محکمہ پولیس اور میئر کا شکریہ ادا کیا ہے۔ایک رپورٹ کے مطابق نیویارک میں ساڑھے 7 لاکھ سے زائد مسلمان آباد ہیں جب کہ وہاں پونے تین سو سے زائد مساجد اور اسلامک سینٹرز قائم ہیں۔