امریکہ میں اسرائیلی سفارتخانے کے دو افسروں کاگولی مار کر قتل، حملہ آور گرفتار

 

واشنگٹن ،22 مئی :۔

امریکی دارالحکومت واشنگٹن میں یہودی میوزیم کے باہر اسرائیلی سفارت خانے کے دو ملازمین کو گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا۔ یہ واقعہ واشنگٹن میں کیپٹل جیوش میوزیم کے باہر پیش آیا۔ اس میوزیم میں امریکن جیوش کمیٹی کی جانب سے ایک پروگرام منعقد کیا جا رہا تھا۔ میڈیا رپورٹوں کے مطابق حملہ آور کو فی الحال حراست میں لے لیا گیا ہے۔ دوران حراست اس  نے آزاد فلسطین کے نعرے بھی لگائے۔

رپورٹ کے مطابق واشنگٹن پولیس چیف پامیلا اسمتھ نے کہا کہ ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلا کہ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب دونوں متاثرین ایک تقریب میں شرکت کے بعد میوزیم سے نکل رہے تھے۔ ہمیں یقین ہے کہ حملہ ایک شخص نے کیا تھا، جو اب حراست میں ہے۔ شوٹنگ سے پہلے اس شخص کو میوزیم کے باہر ٹہلتے ہوئے دیکھا گیا تھا۔ جیسے ہی کچھ لوگ میوزیم سے باہر آئے۔ اس نے ایک ہینڈگن نکالی اور ان میں سے دو کو گولی مار دی۔ فائرنگ کے بعد وہ میوزیم کے اندر چلا گیا جہاں سکیورٹی اہلکاروں نے اسے حراست میں لے لیا۔اس واقعے پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ واشنگٹن ڈی سی میں یہ یہود دشمنی کی ہلاکتیں اب بند ہونی چاہئیں۔ امریکہ میں نفرت اور انتہا پسندی کی کوئی جگہ نہیں۔ متاثرین کے اہل خانہ سے تعزیت۔