امریکہ سے با معنی مذاکرات کے لیے تیار ہیں
حماس کے رہنما موسی ابو مرزوق نےکہا کہ جماعت جماعت امریکہ کے ساتھ بات چیت شروع کرنے اور ہر چیز پر مفاہمت حاصل کرنے کے لیے تیار ہے
دوحہ،21 جنوری :۔
غزہ میں اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی کے بعد مزید حالات بہتر ہونے کی امیدیں روشن ہو گئی ہیں ۔اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ نے ایک قدم آگے بڑھتے ہوئے امریکہ کے ساتھ با معنی مذاکرات کا عندیہ دیا ہے۔رپورٹ کے مطابق حماس رہنما موسیٰ ابو مرزوق نے کہا کہ جماعت امریکہ کے ساتھ بات چیت شروع کرنے اور ہر چیز پر مفاہمت حاصل کرنے کے لیے تیار ہے۔ابو مرزوق کا یہ بیان نیو یارک ٹائمز کو دیے گئے ایک انٹرویو میں سامنے آیا ہے۔ یہ انٹرویو مزاحمت اور قابض اسرائیلی ریاست کے درمیان جنگ بندی کے معاہدے کے تقریباً 48 گھنٹے بعد سامنے آیا ہے۔
اخبار نے حماس کے واشنگٹن کے ساتھ مذاکرات کے لیے آمادگی کے بیانات کو "حماس کی جانب سے ایک نادر قدم قرار دیا، جس نے اپنے بین الاقوامی تعلقات کو وسعت دینے اور اپنے امیج کو بہتر کرنے کی تحریک کی کوششوں کے ایک حصے کے طور پر بیان کیا۔
ابو مرزوق نے امریکی اخبار کو ٹیلی فون پر انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ ’’ہم امریکہ کے ساتھ بات چیت اور ہر چیز پر مفاہمت حاصل کرنے کے لیے تیار ہیں‘‘۔ انہوں نے مزید کہا کہ حماس غزہ کی پٹی میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ایلچی سے ملاقات کے لیے تیار ہے اور ضرورت پڑنے پر اسے تحفظ بھی فراہم کرے گی۔انہوں نے نشاندہی کی کہ اس طرح کے مکالمے سے واشنگٹن کو فلسطینیوں کے جذبات اور خواہشات کو سمجھنے میں مدد مل سکتی ہے۔ اس سے امریکی موقف زیادہ متوازن ہو سکتا ہے جو صرف ایک فریق کے نہیں بلکہ تمام فریقوں کے مفادات کی عکاسی کرتا ہے۔
دریں اثنا ابو مرزوق نے امریکی صدر کی تعریف کی اور جنگ بندی کے معاہدے میں ٹرمپ کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے ٹرپ کو ایک”سنجیدہ صدر” قرار دیا کیونکہ جنگ بندی کے معاہدے تک پہنچنے میں ان کا کردار فیصلہ کن تھا۔ انہوں نے وٹ کوف کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ’’صدر ٹرمپ اور جنگ کے خاتمے اور فیصلہ کن نمائندہ بھیجنے پر ان کے اصرار کے بغیر معاہدہ طے نہیں پا سکتا تھا‘‘۔