اقوام متحدہ کے سربراہ نے غزہ میں جنگ بندی اور قیدیوں کے تبادلے کا خیرمقدم کیا
نئی دہلی,20جنوری :۔
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے اتوار کے روز غزہ میں جنگ بندی اور یرغمالیوں کی رہائی پر طے پانے والے معاہدے کی حمایت اور خوشی کا اظہار کیا۔گوتیریس نے ٹوئٹر پر ایک پوسٹ میں کہا کہ میں غزہ میں جنگ بندی اور یرغمالیوں کی رہائی کے عمل کے آغاز کا خیرمقدم کرتا ہوں۔
مدد کے لیے اقوام متحدہ کی تیاری پر زور دیتے ہوئے، انہوں نے کہا، "ہم اس عمل کی حمایت کرتے ہیں اور ان لاتعداد فلسطینیوں کو مسلسل انسانی امداد فراہم کرنے کے لیے تیار ہیں جو طویل عرصے سے مصائب کا شکار ہیں۔ اقوام متحدہ کے سربراہ نے امداد کی ترسیل میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کی اہمیت پر بھی زور دیتے ہوئے کہاکہ یہ بہت ضروری ہے کہ جنگ بندی امداد کی ترسیل میں اہم سیکورٹی اور سیاسی رکاوٹوں کو دور کرے۔
اس سے قبل غزہ میں جنگ بندی کا معاہدہ تقریباً تین گھنٹے کی تاخیر کے بعد اتوار کو بالآخر اس وقت عمل میں آیا جب حماس کے مسلح ونگ، قسام بریگیڈز نے تین اسرائیلی زیر حراست افراد کو حوالے کیا۔معاہدے کے تحت اسرائیلی جیلوں میں قید 90 فلسطینیوں کو جنگ بندی کے پہلے دن رہا کر دیا جائے گا۔
مقامی صحت کے حکام کے مطابق، 7 اکتوبر 2023 سے غزہ پر اسرائیل کی نسل کشی کی جنگ میں تقریباً 47,000 افراد، جن میں زیادہ تر خواتین اور بچے ہیں، ہلاک اور 110,700 سے زیادہ زخمی ہو چکے ہیں۔