
افغانستان میں شدید زلزلہ ،بڑی تباہی ،600 سے زیادہ لوگوں کی اموات
زلزلے کی شدت6.0تک ریکارڈ،پندرہ سو سے زیادہ افراد زخمی،راحت بچاؤ کا کام جاری،بڑے پیمانے پر تعمیرات کونقصان
کابل ،یکم ستمبر :۔
افغانستان کے نگرہر صوبہ میں آئے 6.0 شدت کے زلزلہ نے تباہی مچا دی ہے۔ اس خوفناک زلزلہ میں اب تک کی اطلاعات کے مطابق تقریباً 600 لوگوں کی موت ہو چکی ہے جبکہ 1500 سے زیادہ افراد زخمی ہوئے ہیں۔ جرمن ریسرچ سینٹر فار جیو سائنسز (جی ایف زیڈ) کے مطابق زلزلہ کا مرکز جلال آباد شہر سے 27 کلومیٹر مشرق میں تھا۔ اس کی گہرائی صرف 10 کلومیٹر تھی۔ مقامی وقت کے مطابق زلزلہ اتوار کی رات 11.47 بجے آیا جو پاکستان کی سرحد کے قریب ہے۔
رپورٹ کے مطابق افغانستان کی وزارت اطلاعات کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ زلزلہ میں 600 سے زیادہ لوگ مارے گئے ہیں جبکہ 1500 زخمی ہوئے ہیں۔ اس زلزلہ میں کُنار سے زیادہ متاثر علاقہ ہے۔ وہیں زلزلہ سے متعلق کچھ ویڈیوز سوشل میڈیا پر شیئر کیے گئے ہیں جن میں زلزلہ کی شدت صاف طور پر دیکھی جا سکتی ہے۔
نانگرہر محکمہ صحت کے ترجمان اجمل دوائیش نے بتایا کہ اموات اور نقصانات خاص طور سے جلال آباد اور آس پاس کے علاقوں میں ہوئیں۔ 20 منٹ بعد 4.5 شدت کا دوسرا جھٹکا آیا، بعد میں 5.2 شدت کا۔ طالبان حکومت نے بچاؤ و راحت کام شروع کر دیے ہیں لیکن دور دراز علاقوں میں پہنچا مشکل ہے۔ یہ زلزلہ 2023 کے 6.3 شدت والے زلزلہ کی یاد دلاتا ہے جس میں 1500 سے 4000 تک اموات ہوئی تھی۔