افسران کی بے حسی ،اسکول کی مرمت نہیں ہوئی مگروی آئی پی کیلئے راتوں رات بن گئی سڑک
مدھیہ پردیش کےجھالاواڑ میں خستہ حال اسکول کی مرمت برسوں سے نہیں ہو سکی ،چھت منہدم ہونے پر سات بچوں کی موت کے بعد جب سابق وزیر اعلیٰ وسندھرا راجے پہنچیں تو ان کیلئے راتوں رات سڑک کی مرمت ہو گئی

دعوت ویب ڈیسک
نئی دہلی،26 جولائی:۔
موجودہ سیاست میں سیاست دانوں اور سیاسی رہنماؤں کے ذریعہ انسانی بے حسی کے مظاہروں کے اکثر واقعات دیکھنے کو ملتے ہیں ۔ سیاست داں یوں تو اپنی سیاست عوام کے مسائل کو حل کرنے کے دعوے سے چمکاتے ہیں مگر عہدے اور وزارت ملنے کے بعد اسی عوام کو نظر انداز کرتے ہوئے بے حسی کا مظاہرہ کرتے ہیں۔اپنے سیاسی مفاد کیلئے غریبوں اور محروموں کی جان کی بھی پرواہ نہیں کرتے خاص طور پر انتظامیہ افسران وی آئی پی کی ناز برداری میں بچھ جاتے ہیں ۔گزشتہ روز مدھیہ پردیش میں پیش آئے ایک حادثے میں ایسا ہی نظارہ دیکھنے کو ملا جہاں ایک اسکول کی عمارت کی چھت منہدم ہوگئی اور اس سانحہ میں سات معصوم بچوں کی جان چلی گئی اور درجنوں بچے زخمی ہو گئے۔بتایا جا رہا ہے کہ اسکول کی چھت کی خستہ حالی کی شکایت کی گئی تھی لیکن اسکول انتظامیہ نے اس کی سدھ نہیں لی اور سات معصوم بچوں کی جان چلی گئی ۔ اس افسوسناک واقعہ کے بعد سیاسی رہنماؤں کے ذریعہ جو بے حسی کا مظاہرہ کیا گیا ہے وہ اس سے بھی افسوسناک ہے ۔
در اصل مدھیہ پردیش کے جھالا واڑ میں جمعہ کی دوپہر اس استپال کی سڑک بنتے ہوئے ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوا جہاں زخمی بچوں کا علاج چل رہا ہے ۔چونکہ سابق وزیر اعلیٰ وسندھرا راجے سندھیا بچوں سے ملاقات کے لئے اسپتال جانے والی تھیں اس لئے ان کے قافلے کے لئے راتوں رات یہ سڑک تعمیر کی گئی تھی ۔یہ واقعہ جھالا واڑ میڈیک کالج کا ہے ۔جمعہ کی شام وسندھرا راجے زخمی بچوں اور ان کے اہل خانہ سے ملنے اسپتال پہنچیں تھیں اس کے بعد جب ان کا قافلہ اسپتال سے نکلا تو یہ سڑک بھی اکھڑ گئی ۔
اس سے قبل سڑک کی تعمیر کا ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوا تھا جس پر متعدد صارفین نے انتظامی بے حسی کا الزام لگاتے ہوئے ناراضگی کا اظہار کیا تھا۔کانگریس رہنما سری نواس بی وی نے لکھا کہ راجستھان کے جس جھالاواڑ میں آج اسکول کی چھت گرنے سے بچے دب کر مرگئے اب وہاں سڑک بچھائی جا رہی ہے ، وزیر جی کو تکلیف نہیں ہونی چاہئے۔دیگر صارفین نے بھی اس پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ جس طرح وی آئی پی کے آنے سے پہلے راتوں رات سڑک بن جاتی ہےاور اتنی سرعت دکھائی جاتی ہے اتنا اگر انتظامیہ پہلے سنجیدگی کا مظاہرہ کرتا اور برسوں سے خستہ حال اسکول کی عمارت کی مرمت کی جاتی تو آج بچوں کی جان نہیں جاتی ۔جہاں خستہ حال اسکول کی مرمت نہ ہونے سے بچوں کی موت ہو گئی وہاں وی آئی پی کے پہنچنے کیلئے راتوں رات سڑک کی مرمت کی جا رہی ہے ۔غریبوں کی جان کی کوئی پرواہ نہیں لیکن سیاسی رہنماؤں کو تکلیف نہیں پہنچنی چاہئے ،اس کا خوب خیال کیا جا رہا ہے ۔