اعظم گڑھ میں دوہرا قتل:مسلم باپ بیٹے کا گولی مار کر قتل ،کاروباری دشمنی کا شبہ
اعظم گڑھ ،21ستمبر :۔
مہاراج گنج تھانے کے علاقے کے سردہا بازار میں 20 ستمبر کو دو مسلم باپ بیٹوں رشید احمد اور اس کے بیٹے شعیب کو ان کی کپڑوں کی دکان میں گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا ت ۔ یہ واقعہ ایک اور دکاندار دنیش کے ساتھ مبینہ کاروباری دشمنی کی وجہ سے ہوا ایسا سمجھا جا رہا ہے ۔
رشید احمد خاندان اپنے سردھا بازار واقع گھر میں رہتے ہیں ۔ وہ ریڈی میڈ کپروں کا روبار کرتے ہیں ،20 ستمبر کو رشید احمد ( 55) اور ان کا چھوٹا بیٹا، شعیب، جس کی عمر 20 سال تھی، صبح کے معمول کے مطابق اپنی دکان لگانے کے لیے جا رہے تھے اس دوران قتل کی اس واردات کو انجام دیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق موٹر سائیکل پر سوار تین نامعلوم حملہ آور دکان پر آئے اور رشید پر فائرنگ کی۔ فائرنگ کے بعد شعیب جان بچانے کے لئے دکان کے احاطے میں ایک جزوی طور پر تعمیر شدہ مکان کی طرف بھاگا۔ حملہ آوروں نے اس کا پیچھا کیا، آخر کار اسے پکڑ لیا اور گولیوں کی بارش میں اس کی زندگی کا خاتمہ کر دیا۔ اس حملے میں ر شید اور شعیب دونوں کی موت ہو گئی ۔اس دوہرے قتل کی وجہ سے پورے علاقے میں خوف و ہراس کا ماحول قائم ہو گیا۔
دوہرے قتل کی اطلاع ملتے ہی پولیس جائے وقوعہ پر پہنچ گئی۔ تحقیقات کو آگے بڑھانے کے لیے ان کے ساتھ افسران کی ایک ٹیم بھی تھی جس میں فرانزک ماہرین بھی شامل تھے۔ پولیس نے قصورواروں کی تلاش شروع کر دی ہے اور اس امکان کا جائزہ لے رہی ہے کہ باپ بیٹے کی اس اندوہناک فائرنگ کا تعلق دیرینہ دشمنی ہوسکتی ہے۔
مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ متوفی کی دکان کے سامنے کپڑوں کی ایک اور دکان ہے۔ دونوں دکانداروں کے درمیان چار سال قبل گاہکوں کو لے کر جھگڑا ہوا تھا۔ اس کے علاوہ چند ماہ قبل لڑائی بھی ہوئی تھی۔ مقتول کے اطراف کے لوگ مارپیٹ کے مقدمات میں جیل بھی جا چکے ہیں۔ اس معاملے پر دونوں فریقوں کے درمیان جھگڑا ہوا کرتا تھا۔
مقتول ر شید احمد کے بیٹے محمد عارف کی شکایت پر اس معاملے میں پانچ ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ مہاراج گنج پولس اسٹیشن میں درج کرائی گئی شکایت میں متوفی کے بیٹے محمد عارف نے الزام لگایا کہ جب ہمارے والد اور بھائی دکان میں جھاڑو دے رہے تھے۔ اسی وقت دنیش اپنی بیوی نرملا کے ساتھ آیا۔ اس کے ساتھ ہی دنیش نے اپنے تین بیٹوں پنکج گپتا، پردیپ گپتا اور پون گپتا کو چیلنج کیا اور گولی چلانے پر اکسایا۔ جس کے بعد ملزمان کے بیٹوں نے باپ بیٹے کو گولی مار کر قتل کر دیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ تمام ملزمان کی تلاش جاری ہے۔ ملزمان کو جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔