اعظم خاں کے بیٹے عبداللہ اعظم کو سپریم کورٹ سے ملی ضمانت

 رام پور میونسپلٹی مشین چوری کے الزام میں جیل میں بند  عبد اللہ اعظم کو  سپریم کورٹ نے راحت دی

نئی دہلی ،10 فروری :۔

سپریم کورٹ نے رام پور میونسپلٹی سویپنگ مشین چوری کیس میں سماج وادی پارٹی کے سینئر لیڈر اعظم خان کے بیٹے عبداللہ اعظم اور میونسپلٹی کے سابق چیئرمین اظہر احمد خان کو ضمانت دے دی ہے۔ ضمانت بھی ہو چکی ہے۔ عبداللہ اس وقت ہردوئی جیل میں بند  ہیں۔ ضمانت کا حکم ملنے کے بعد ان کی رہائی کا عمل شروع ہو جائے گا۔

معاملہ رام پور میونسپلٹی کی آٹومیٹک سویپنگ مشین سے متعلق ہے۔ جسے مبینہ طور پر جوہر یونیورسٹی منتقل کر دیا گیا تھا۔ اس معاملے میں اعظم خان، ان کے بیٹے عبداللہ اور میونسپلٹی کے سابق چیئرمین اظہر احمد خان سمیت کل 7 لوگ ملزم تھے۔ اقتدار کی تبدیلی کے بعد ایس پی کے سابق کارکن اور موجودہ بی جے پی لیڈر بکر علی خان نے اس سلسلے میں صدر پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج کرایا تھا۔

اس سے قبل الہ آباد ہائی کورٹ نے اعظم خان اور عبداللہ کی درخواست ضمانت مسترد کر دی تھی۔ عبداللہ کی جانب سے سینئر وکیل کپل سبل سپریم کورٹ میں پیش ہوئے۔ جس کے بعد عدالت نے ضمانت منظور کرلی۔

اعظم خان کے وکیل زبیر احمد خان کے مطابق عبداللہ کی رہائی جیل سے رہائی کا اجازت نامہ ملنے کے بعد ہی ممکن ہو گی۔ یہ معاملہ اس وقت کا ہے جب اعظم خان شہری ترقی کے وزیر تھے۔ ان پر الزام ہے کہ انہوں نے اپنے عہدے کا غلط استعمال کرتے ہوئے میونسپل مشین جوہر یونیورسٹی بھیج دی۔