اسٹالن کی طلباء سے گوڈسے کے نظریات کو مسترد کرنے کی اپیل
تمل ناڈو کے وزیر اعلیٰ نے جمال محمد کالج کی جبلی تقریب میں گاندھی ،امبیڈکر اور پیریار کے نظریات پر چلنے کی تلقین کی

نئی دہلی ،10 جولائی :۔
تمل ناڈو کے وزیر اعلی ایم کے اسٹالن نے گزشتہ دنوں بدھ کے روز طلباء اپیل کی کہ وہ مہاتما گاندھی، ڈاکٹر بی آر امبیڈکر، اور پیریار کے نظریات کی پیروی کریں اور ناتھورام گوڈسے جیسے تفرقہ انگیز نظریات کو مسترد کر دیں۔
تروچیراپلی میں جمال محمد کالج کی پلاٹینم جبلی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے، اسٹالن نے کہا، ’’طلبہ کو کبھی بھی گوڈسے کے راستے پر نہیں چلنا چاہیے، بلکہ امبیڈکر، پیریار اور گاندھی کے راستے پر چلنا چاہیے۔‘‘
کالج کے بانیوں این ایم خواجہ میاں راوتھراور ایم. جمال محمد صاحب کی تعریف کرتے ہوئے، سٹالن نے پسماندہ لوگوں کی بہتری اور فرقہ وارانہ اتحاد کو فروغ دینے میں ان کے تعاون کا اعتراف کیا۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے گاندھی جی کے نظریات کی پیروی کی اور معاشرے کی بہتری کے لیے خود کو وقف کر دیا۔
وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر سماجی انصاف، تعلیم اور اقلیتوں کے حقوق کے لیے اپنی حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔سٹالن نے کہا، "ہماری دراوڑ ماڈل حکومت کی جڑیں عزت نفس، اتحاد اور سیاسی بیداری میں پیوست ہیں۔جب ہم متحد ہو جائیں گے تو ہمیں سیاسی طور پر کوئی شکست نہیں دے سکتا۔
انہوں نے مسلمانوں کے لیے سیاسی حقوق کو یقینی بنانے کے لیے اپنی انتظامیہ کے عزم کا اعادہ بھی کیا، اور تعلیم میں ڈیجیٹل تقسیم کو ختم کرنے کے لیے ریاست بھر کے طلبہ میں 20 لاکھ لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کے منصوبوں کا اعلان کیا۔اسٹالن، جو تروورور ضلع کے دو روزہ دورے پر ہیں، شام میں ایک عظیم الشان روڈ شو کی قیادت بھی کی۔
واضح رہے کہ اپنے بیانات سے تمل ناڈو کے وزیر اعلیٰ اسٹال اکثر دائیں بازو کی نظریات کی حامل تنظیموں پر سخت تنقید کرتے ہیں اور شدت پسندی کے خلاف کھل کر آر ایس ایس اور ہندوتو تنظیموں پر حملہ کرتے ہیں۔