اسمبلی ضمنی انتخابات:انڈیا اتحاد نےاین ڈی اے کو  دیا جھٹکا ، 13 میں سے 10 سیٹوں پر ملی کامیابی

نئی دہلی ،13 جولائی :

حالیہ لوک سبھا الیکشن میں بی جے پی کو مکمل اکثریت نہ ملنے اور اپوزیشن گروپ انڈیا اتحاد کو خاطر خواہ سیٹوں پر ملی کامیابی سے اپوزیشن کے حوصلے بلند ہیں اب اپوزیشن کے لئے ایک اور خوشی کا موقع  مل گیا ہے۔گزشتہ 10 جولائی کو 7 ریاستوں کی 13 اسمبلی سیٹوں کے لیے ضمنی انتخاب ہوئے تھے۔ آج، یعنی 13 جولائی کو سبھی سیٹوں پر ڈالے گئے ووٹ کی گنتی ہوئی اور جو نتائج سامنے آئے ہیں وہ مودی بریگیڈ کے لیے کسی زوردار جھٹکا سے کم نہیں ہے۔ انڈیا بلاک نے این ڈی اے کو زبر دست جھٹکا  دیتے ہوئے 13 اسمبلی سیٹوں میں سے 10 پر کامیابی حاصل کر لی ہے۔ صرف 2 اسمبلی سیٹوں پر این ڈی اے کو کامیابی ملی ہے۔ اگر پارٹی سطح پر نتائج کو دیکھیں تو کانگریس و ترنمول کانگریس کو 4-4، بی جے پی کو 2 اور عآپ و ڈی ایم کے کو 1-1 سیٹ پر کامیابی ملی ہے۔ ایک اسمبلی سیٹ پر آزاد امیدوار نے قبضہ جمایا ہے۔

دریں اثنا اترا کھنڈ کے بدری ناتھ اور منگلور میں ہوئے ضمنی الیکشن میں  شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ خاص طور پر چار دھاموں میں سے ایک دھام بدری ناتھ میں بی جے پی کی شکست موضوع بحث ہے۔کیونکہ بی جے پی حکومت چاروں دھام کی ترقی کے نام پر رائے دہندگان سے ووٹ مانگے لیکن اسے ایودھیا کی طرح یہاں بھی مایوسی کا سامنا کرنا پڑا اور کانگریس نے جیت درج کی ۔

کانگریس امیدوار لکھپت سنگھ بٹولا نے بدری ناتھ اسمبلی سیٹ پر بی جے پی امیدوار راجندر سنگھ بھنڈاری کو 5224 ووٹوں سے شکست دی۔ لکھپت سنگھ کو 28161 ووٹ ملے تھے، جبکہ راجندر سنگھ کو 22937 ووٹ حاصل ہوئے۔

اسی طرح منگلور اسمبلی سیٹ پر بھی کانگریس نے ہی کامیابی کا پرچم لہرایا ہے۔ یہاں کانگریس امیدوار قاضی محمد نظام الدین کو 31727 ووٹ حاصل ہوئے۔ دوسرے مقام پر رہنے والے بی جے پی امیدوار کرتار سنگھ بھڈانا کو 31305 ووٹ ملے، یعنی ہار اور جیت کا فاصلہ محض 422 ووٹوں کا رہا۔ تیسرے مقام پر بی ایس پی امیدوار عبیدالرحمن مونٹی رہے جنھیں 19559 ووٹ حاصل ہوئے۔ خیال رہے کہ اتر اکھنڈ میں الیکشن کے دوران ووٹنگ کے دن پولیس اور مسلم رائے دہندگان کے درمیان جھڑ پ ہو گئی تھی اس دوران پولیس نے بر بریت کا مظاہرہ کرتے ہوئے مسلمانوں کو ووٹ ڈالنے سے روک دیا تھا ۔مگر اس کے باوجود جیت کانگریس امیدوار کی ہی ہوئی ۔

وہیں بنگال میں ہوئے چار سیٹوں پر ضمنی الیکشن میں ترنمول کانگریس نے چاروں سیٹوں پر کامیابی حاصل کرتے ہوئے بی جے پی کو کلین سوئپ کر دیا ہے۔ملک بھر میں ہوئے تیرہ سیٹوں پر ضمنی اسمبلی الیکشن میں انڈیا بلاک کی کامیابی سے اپوزیشن جماعتوں کے حوصلے مزید بلند ہو گئے ہیں۔