اسلام اور پیغمبر اسلام کے خلاف توہین آمیز ویڈیو پوسٹ کرنے والے یوگ ویر کے خلاف پولیس میں شکایت

والینٹیئر اگینسٹ ہیٹ کی جانب سے نفرت انگیز ویڈیو کلپ پر نوٹس لیتے ہوئے یو پی پولیس میں شکایت کرکے ایف آئی آر درج کروایا گیا

نئی دہلی،19اپریل:۔
ملک میں اسلام ،پیغمبر اسلام اور مسلمانوں کے خلاف قابل اعتراض تبصرہ کرنا اور یو ٹیوب پر ویڈیو اپ لوڈ کر کے شہرت حاصل کرنا ایک ٹرینڈ بن چکا ہے ۔اور ایسے موقع پر پولیس کی عدم توجہی اور کارروائی نہ کرنا بھی اس کی ایک بڑی وجہ ہے جس سے اس طرح کے شدت پسند عناصر کی حوصلہ افزائی ہوتی ہے اور وہ مزید مسلمانوں کے خلاف کھل کر قابل اعتراض تبصرے کرتے ہیں اور ویڈیو بنا کر اپ لوڈ کرتے ہیں۔ایسے ہی وارانسی کے رہنے والے ایک شدت پسند اور منفر نوجوان یوگ ویر کے ذریعہ مسلمانوں ،اسلام اور پیغمبر اسلام اور اللہ تعالیٰ کے تعلق سے قابل اعتراض اور توہین آمیز ویڈیو بنانے کا معاملہ روشنی میں آیا ہے جس پر والینٹیئر اگینسٹ ہیٹ کے کارکنان نے نوٹس لیتے ہوئے پولیس میں شکایت کی اور ایف آئی آر درج کی گئی ۔
اطلاع کے مطابق مسلمانوں اور اسلام سے متعلق قابل اعتراض ویڈیو بنانے والے یوگ ویر آرجو کے خلاف والینٹیئر اگینسٹ ہیٹ (وی اے ایچ) کی طرف سے ایف آئی آر درج کرائی گئی ہے۔اتر پردیش کی سائبر کرائم برانچ میں درج ایف آئی آر میں یوگویر آرجو کے دو ویڈیوز کا ذکر کیا گیا ہے۔ان ویڈیوز کو آن لائن اور سوشل میڈیا کے جرائم اور نفرت انگیز اور اشتعال انگیز تقریر کے جرم میں شامل کیا گیا ہے۔


محمد شیر علی نے ٹوئٹر پر ایک ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ اس ہندوتوا شخص کا نام یوگویر آرجو ہے، اس کا تعلق اتر پردیش کے شہر وارانسی سے ہے، یہ شخص ہمیشہ اسلام پر غلط ویڈیوز بناتا ہے، آج پھر اس نے اللہ اور محمد صلی اللہ علیہ وسلم پر حملہ کرتے ہوئے ویڈیو بنائی۔ اتر پردیش پولیس سے درخواست ہے کہ اس شخص کے خلاف کارروائی کرے تاکہ وہ نفرت پھیلانا بند کردے۔
جس کے بعدوالینٹیئر اگینسٹ ہیٹ نے اس ویڈیو کا نوٹس لیا اور یوگویر کے خلاف نفرت پھیلانے اور اشتعال انگیز مواد پوسٹ کرنے کے لیے پولس میں شکایت درج کرائی۔
اس معاملے پر والینٹیئر اگینسٹ ہیٹ کے قومی کنوینر، ڈاکٹر معراج حسین کا کہنا ہے کہ، یوگویر آرجو کے ذریعہ اتر پردیش پولیس کے سائبر سیل میں مذہبی جذبات کو بھڑکانے اور نفرت پھیلانے کی شکایت/ایف آئی آر درج کرائی گئی ہے۔ ہمیں امید ہے کہ پولیس اس شکایت پر فوری کارروائی کرے گی۔