
اسرائیل کے وسطی اور شمالی علاقوں میں ایران کے میزائل حملوں میں 10 افراد ہلاک
سیکڑوں کی تعداد میں ایرانی میزائل حملو میں 250 سے زائد زخمی، درجنوں لاپتہ
نئی دہلی ،15 جون :۔
اسرائیل کی جانب سے ایران پر کئے گئے بڑے پیمانے پر حملے میں ایرانی قیادت کے متعدد اہم شخصیات کی موت ہو گئی کئی سائنسدانوں کو بھی اسرائیل نے نشانہ بنایا جس کے بعد ایران نے بھی جوابی حملہ کیا اور پہلی مرتبہ اسرائیلی سر زمین پر میزائیلوں کی گونج سنائی دی اور اسرائیلی شہریوں میں خوف اور ڈر کا ماحول نظر آیا ۔
اس حملے میں اسرائیل کو بڑے پیمانے پر نقصان ہوا ہے ۔ اسرائیلی میڈیا نے اتوار کے روز اطلاع دی ہے کہ ایرانی میزائل اسرائیل کے وسطی اور شمالی حصوں میں کئی مقامات پر گرے ہیں جس سے 10 افراد ہلاک اور 250 زخمی ہو گئے ہیں۔
مقامی میڈیا کے مطابق، ایران کے وسطی اور شمالی اسرائیل پر رات بھر کے حملوں میں کم از کم 10 افراد ہلاک اور 250 دیگر زخمی ہوئے، جب کہ 18 افراد تاحال لاپتہ ہیں۔اسرائیلی چینل 12 کی رپورٹ کے مطابق، تل ابیب کے جنوب میں واقع بیٹ یام اور ریہووٹ میں مرنے والوں کی تعداد 6 ہو گئی ہے، جب کہ ملبے تلے 18 افراد اب بھی لاپتہ ہیں۔بیٹ یام کے میئر نے کہا کہ ایرانی حملوں میں بیٹ یام میں 61 عمارتوں کو نقصان پہنچا جن میں سے 6 اب رہنے کے قابل نہیں ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ بچاؤ اور امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔
‘دی ٹائمز آف اسرائیل’ کی رپورٹ کے مطابق ان میزائلوں نے تل ابیب، بات یام اور شمالی شہر تمرا پر حملہ کیا جس سے بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی۔ صرف بیٹ یام میں 20 کے قریب افراد کی تلاش جاری ہے جن کا تاحال کوئی سراغ نہیں مل سکا۔
اسرائیلی چینل 12 کے مطابق ایران کے تازہ حملے میں وسطی اسرائیل پر تقریباً 50 راکٹ فائر کیے گئے۔ رپورٹ کے مطابق یہ راکٹ تل ابیب کے قریب بیٹ یام اور ریہووٹ کے علاقوں میں گرے جس سے چار افراد ہلاک ہوئے۔ چینل 12 نے بتایا کہ ان حملوں میں 195 افراد زخمی ہوئے جن میں سے پانچ کی حالت تشویشناک ہے۔
اسرائیلی ڈیفنس فورس (آئی ڈی ایف) نے تصدیق کی ہے کہ ہوم فرنٹ کمانڈ کے سرچ اینڈ ریسکیو بریگیڈ کے سپاہی ایرانی بیلسٹک میزائلوں کا نشانہ بننے والے مقامات پر امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔
آئی ڈی ایف کے مطابق، ایک حملے کی جگہ پر چار افراد ہلاک ہوئے، جبکہ الگ الگ حملوں میں 100 سے زائد افراد زخمی ہوئے۔ مجموعی طور پر ان حملوں میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد کم از کم دس تک پہنچ گئی ہے جب کہ زخمیوں کی تعداد 250 سے زائد ہے۔
غور طلب ہے کہ جمعہ کو اسرائیلی فورسز نے ایران پر حملہ کیا تھا جس میں اس کے جوہری اور میزائل اڈوں کو نشانہ بنایا گیا تھا۔ اسرائیل کے اس حملے میں ایران کے کئی اعلیٰ فوجی کمانڈر اور سائنس دان مارے گئے تھے۔ جواب میں ایران نے اسرائیل کے کئی علاقوں کو نشانہ بناتے ہوئے بیلسٹک میزائل داغے۔