اسرائیل کی غزہ میں جنگ، 29000 فلسطینی اب تک شہید
غزہ ،19 فروری :۔
فلسطینی وزارت صحت نے غزہ میں جاری اسرائیلی جنگ کے نتیجے میں اب تک ہونے والی فلسطینی ہلاکتوں سے متعلق اعدادو شمار جاری کیے ہیں۔ تازہ اعدادو شمار کے مطابق اتوار کے روز یہ تعداد 28985 ہو گئی ہے۔ ان شہید کیے گئے فلسطینیوں میں زیادہ تعداد بچوں اور خواتین کی ہے۔
پچھلے 24 گھنٹوں کے دوران 127 فلسطینی شہید ہوئے ہیں۔ جبکہ مجموعی زخمیوں کی تعداد 68883 ہو گئی ہے۔ اسرائیل نے کسی بھی جنگ میں اب تک فلسطینیوں کی یہ سب سے بڑی تعداد ہے جسے بمباری کی زد میں لاتے ہوئے شہید کیا ہے۔
اسرائیلی فوج کی اس مسلسل سفاکیت کی وجہ سے ہی جنوبی افریقہ نے بین الاقوامی عدالت انصاف میں اسرائیل کے خلاف نسل کشی کا مقدمہ دائر کیا ۔
ادھر اتوار کے روز اقوام متحدہ نے خبر دار کیا ہے کہ اسرائیلی فوجی حملوں کے نتیجے میں خان یونس کا سب سے بڑا اسپتال الناصر اسپتال مکمل طور پر علاج معالجے کی سہولیات فراہم کرنے سے قاصر ہو گیا ہے۔ اس سے پہلے بھی اسرائیلی فوج تقریبا ہر بڑے اسپتال کو تباہ کر چکی ہے یا ادویات اور طبی آلات سے محروم کر کے ناکارہ بنا چکی ہے۔