اسرائیل کا منصوبہ فلسطینیوں کو غزہ سے مصر میں دھکیلنا ہے: اقوام متحدہ
نئی دہلی ،11دسمبر :۔
غزہ میں جاری اسرائیلی ظلم بربریت اپنی انتہا کو پہنچ چکی ہے ۔اسرائیل باقاعدہ فلسطینیوں کی نسل کشی کے ذریعہ غزہ کی زمین خالی کرانا چاہتا ہے ۔اسرائیل کے اس خطرناک منصوبے کا اشارہ اقوام متحدہ کی امدادی ایجنسی نے بھی کیا ہے ۔امدادی ایجنسی کا کہنا ہے کہ اسرائیل کا منصوبہ فلسطینیوں کو غزہ سے مصر میں دھکیلنا ہے۔ اسرائیل فلسطینیوں کو مصر میں دھکیلنے کی تیاری کر رہا ہے۔
رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ امدادی ایجنسی کے مطابق جنوبی غزہ میں 19 لاکھ فلسطینی بدترین حالات میں پھنسے ہوئے ہیں۔ اسرائیل کی فلسطینیوں کو مصر میں دھکیلنے کی کوششیں جاری ہیں۔ اقوام متحدہ امدادی ایجنسی نے کہا کہ یہی صورتحال رہی تو یہ دوسرا نکبہ ہوگا۔ غزہ فلسطینیوں کی سرزمین نہیں رہے گی۔ اسرائیلی فوج کی شمالی غزہ میں تباہی اس منصوبے کا پہلا قدم تھا۔ اقوام متحدہ کی امدادی ایجنسی کے مطابق جنوبی غزہ سے فلسطینیوں کو انخلا کی دھمکی اس منصوبے کا اگلا قدم ہے۔