اسرائیل کا رفح میں پناہ گزیں کیمپوں پر انسانیت سوز حملہ ،درجنوں فلسطینی شہید
تمام انتباہ کے باوجود اسرائیل کا حملہ ،غزہ وزارت صحت نے خوفناک قتل عام قرار دیا،زخمیوں میں بیشتر بچے اور خواتین شامل
غزہ ،27 مئی :۔
عالمی برادری کے انتباہ کے باوجود اسرائیل نے ہٹھ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بالآخر غزہ کے رفح کیمپ کے قریب انسانیت سوز حملہ کر دیا۔اس حملے میں درجنوں فلسطینی پلک جھپکتے ہی شہید ہو گئے ،سب کچھ خاکستر ہو گیا ۔غزہ کی وزارت صحت نے اس اسرائیلی انسانیت سوز حملے کو خوفناک قتل عام سے تعبیر کیاہے ۔
رپورٹ کے مطابق رفح کے قریب فلسطینی پناہ گزینوں کے ایک کیمپ پر حملے میں کم از کم 75 فلسطینی جان سے گئے جبکہ زخمیوں میں بیشتر بچے اور خواتین شامل ہیں ۔وزارت صحت نے بتایا کہ اسرائیلی افواج نے بے گھر افراد کے خیموں کو نشانہ بنایا، اسرائیلی فوج نے دو ہزار پاؤنڈ وزنی بموں کا استعمال کیا جس کے نتیجے میں آگ لگ گئی اور بیشتر افراد نے موقع پر ہی دم توڑ دیا۔
خبر رساں ادارے ’وفا‘ نے فلسطینی ہلال احمر سوسائٹی کے حوالے سے بتایا کہ تل السلطان کے علاقے میں قائم پناہ گزین کیمپوں میں بمباری کی وجہ سے شدید آگ لگ گئی جس کی وجہ سے اکثر افراد زندہ جل گئے۔اسرائیلی فوج نے دو ہزار پاؤنڈ وزنی بموں کا استعمال کیا، اسرائیل نے حماس کے کمپاؤنڈ کو نشانہ بنانے اور دو سینئر اہلکاروں کو مارنے کا دعویٰ کیا ہے۔
ہلال احمر نے بتایا ہے کہ رفح میں واقع اس کے فیلڈ ہسپتال میں لانے والے مریضوں کی تعداد بڑھ رہی ہے جبکہ دیگر ہسپتال بھی بڑی تعداد میں مریضوں کو منتقل کیا جارہا ہے۔ رپورٹ کے مطابق حماس کے سینئر عہدیدار سامی ابو زہری نے رفح میں ہونے والے حملے کو ’قتل عام‘ قرار دیتے ہوئے امریکا کو ذمہ دار ٹھہرایا کہ وہ اسرائیل کو ہتھیار اور رقم فراہم کررہا ہے۔