
اسرائیل پر ایران کا اب تک کا سب سے بڑا حملہ ، بیلسٹک میزائل حملے میں جنوبی اسرائیل میں تباہی
اسرائیل کے سب سے بڑے اسپتال سوروکا ملبے میں تبدیل،ایران کا یہ حملہ اسرائیل کے ذریعہاراک ہیوی واٹر ری ایکٹر پر بمباری کے بعد ہوا ہے
دعوت ویب ڈیسک
تہران ،تل ابیب ، 19 جون :۔
ایران اور اسرائیل کے درمیان فوجی تصادم کے ساتویں روز دونوں جانب سے حملو ں میں زبر دست تباہی کا سلسلہ جاری ہے ۔آج ایران نے اب تک کا سب سے بڑا حملہ کرتے ہوئے اسرائیل کے سب سے بڑے اسپتال سمیت تل ابیب میں متعدد مقامات پر حملہ کیا اور زبر دست تباہی مچائی ہے ۔ ایران کے اس حملے کے بعد اسرائیل کے آسمانوں میں دھواں دھواں نظر آیا ۔اسرائیل کا کہنا ہے کہ ایران نے آج اس کے آبادی والے علاقوں اور اسپتالوں پر بیلسٹک میزائل داغے ہیں۔جبکہ ایران نے کہا کہ اسرائیل نے صبح اس کے اراک ہیوی واٹر ری ایکٹر پر بمباری کی ہے۔
میڈیا رپورٹوں کے مطابق اسرائیلی فوجی اہلکار نے کہا کہ ایران نے آج درجنوں بیلسٹک میزائل داغے ہیں۔ان میں سے کئی میزائل شہری علاقوں پر گرے۔ اس نے بہت سے آبادی والے علاقوں کو بھاری نقصان پہنچایا، بشمول جنوبی اسرائیل کے بڑے سوروکا ہسپتال۔ اہلکار نے بتایا کہ اسرائیل ڈیفنس فورسز ہوم فرنٹ کمانڈ کی سرچ اینڈ ریسکیو ٹیمیں متاثرہ جگہوں پر بھیج دی گئی ہیں۔ اہلکار کا کہنا تھا کہ جنوبی اسرائیل کے شہر بیئر شیوا کے ایک اور بڑے اسپتال کو ایرانی حملوں میں نقصان پہنچا ہے۔
سوروکا میڈیکل سینٹر کے ترجمان نے کہا کہ نقصان کا اندازہ لگایا جا رہا ہے۔ حملے سے مختلف علاقوں میں بڑے پیمانے پر نقصان ہوا ہے۔ یہ اسپتال اسرائیل کے بڑے طبی مراکز میں سے ایک ہے۔ عمارت کا بڑا حصہ ملبے کے ڈھیر میں تبدیل ہو چکا ہے۔ اسرائیل ڈیفنس فورسز (آئی ڈی ایف) نے کہا کہ ایرانی میزائلوں کے تازہ حملے کے بعد تلاش اور بچاؤ ٹیمیں ملک بھر میں کئی مقامات پر کام کر رہی ہیں۔ حملے میں تل ابیب میں ایک کثیر المنزلہ عمارت کو نقصان پہنچا۔
ادھر ایران نے کہا کہ اسرائیل نے آج اس کے اراک ہیوی واٹر ری ایکٹر پر بمباری کی۔ یہ مقام دارالحکومت تہران سے تقریباً 155 میل (250 کلومیٹر) جنوب مغرب میں ہے۔ یہ ایک ایٹمی تنصیب ہے۔ مقامی وقت کے مطابق صبح 6 بجے کے قریب تنصیب پر دو پروجیکٹائل فائر کیے گئے۔ تاہم کوئی شدید نقصان نہیں ہوا۔ اس سے قبل اسرائیل نے اراک کے قریب رہنے والے مکینوں کو انخلاء کی وارننگ جاری کی تھی۔
غور طلب ہے کہ اراک ہیوی واٹر ری ایکٹر امریکہ اور دیگر طاقتوں کے ساتھ 2015 کے جوہری معاہدے کا مرکز تھا۔ اسرائیل نے سات دنوں کے اندر ایران کی نطنز اور اصفہان جوہری تنصیبات پر حملہ کر دیا ہے۔