اسرائیل مسلمانوں کامشترکہ دشمن
ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کا نماز جمعہ کے دوران مسلمانوں کے جم غفیر سے خطاب
تہران،04 اکتوبر :۔
اسرائیل پر ایران کے حملے کے بعد آج پہلا جمعہ کو ایران کی سب سے بڑی مسجد میں نمازیوں کا جم غفیر نظر آیا۔ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے خطاب کیا اور اسرائیل کو مسلمانوں کا مشترکہ دشمن قرار دیا اور فلسطین کے ساتھ یمن کی بھی حمایت پر زور دیا۔ خیال رہے کہ خامنہ ای تہران میں 5 سال بعد نماز جمعہ کے اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔
اپنے خطاب میں ایران کے رہبر اعلیٰ نے کہا کہ اسرائیل مسلمانوں کے حقوق پامال کر رہا ہے اور فلسطین کو اپنی زمین واپس لینے کا حق حاصل ہے۔ حزب اللہ کے سربراہ حسن نصراللہ کی موت کو ایک ناقابل تلافی نقصان قرار دیتے ہوئے، خامنہ ای نے عرب دنیا کو اس جنگ میں ایران کا ساتھ دینے کی دعوت دی۔
آیت اللہ خامنہ ای نے اپنے خطبے میں ملت اسلامیہ کے دشمنوں کو ایک ہی جگہ سے معلومات حاصل کرنے والا گروہ قرار دیا اور کہا کہ یہ دشمن مسلمانوں کے خلاف مشترکہ سازشیں کرتے ہیں۔ انہوں نے اسرائیل کی غزہ میں جاری خونریزی کی شدید مذمت کی اور فلسطینیوں پر ہونے والے مظالم کو ناقابل برداشت قرار دیا۔
اس موقع پر خطاب کے دوران انہوں نے کہا کہ افغانستان سے لے کر ایران، غزہ اور لبنان تک مسلمانوں کو اپنی خودمختاری کے دفاع کے لیے ایک متحدہ دفاعی لکیر بنانی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ سید حسن نصر اللہ کی شہادت عظیم نقصان ہے اور ان کے نظریات ملت کے لیے زندہ رہیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیل کے عزائم کو ناکام بنانے کے لیے تمام مسلمان ممالک کو متحد ہونا چاہیے اور دشمن کی سازشوں کو روکنا ہوگا۔ اس دوران حزب اللہ کے شہید رہنما نصراللہ کے پوسٹرز بھی لہرائے گئے اور ان کے حق میں نعرے بازی بھی کی گئی۔