اسرائیل غزہ میں ہٹلر کا کردار ادا کررہا ہے: برازیل
عدیس ابابا،19فروری
غزہ میں فلسطینیوں کے خلاف گزشتہ چار ماہ سے جاری اسرائیلی سفاکیت پر دنیا کے انصاف پسند افراد مظاہرہ کر رہے ہیں ۔وہیں اب ممالک کے سر براہان بھی سخت تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں۔ برازیل کے صدر لو لا دا سیلوا نے غزہ میں اسرائیلی سفاکیت پر شدید تنقید کی ہے اور کہا ہے کہ اسرائیل غزہ میں ہٹلر کا کردار ادا کررہا ہے۔برازیلی صدر لو لا دا سیلوا نے افریقی یونین کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ اسرائیلی فوج کے ہاتھوں فلسطینیوں کا اندھا دھند قتل عام نسل کشی ہے۔ اسرائیل اس وقت غزہ میں ہٹلر کا کردار ادا کررہا ہے۔ اسرائیلی فورسز جو کچھ غزہ میں کر رہی ہیں یہ سپاہیوں کی سپاہیوں کے خلاف جنگ نہیں بلکہ انتہائی جدید اسلحے سے لیس فوج کی عورتوں اور بچوں کے خلاف جنگ ہے۔
برازیلی صدر کا مزید کہنا تھا کہ دنیا جو اس وقت دیکھ رہی ہے ایسا پہلے کبھی نہیں ہوا۔ تاریخ اس وحشیانہ جنگ کی مثال پیش نہیں کرسکتی جس کا نشانہ عورتیں اوربچے ہوں۔ یہ ویسی صورتحال ہے جیسا ہٹلر نے یہودیوں کے ساتھ کیا تھا۔غزہ میں گزشتہ سال اکتوبر میں شروع ہونے والے اسرائیل کے حملوں میں اب تک 29 ہزار سے زائد فلسطینی مرد، خواتین اور بچے شہید ہوچکے ہیں اور ہزاروں زخمی ہیں۔
دریں اثنا برازیل کے صدر کے اس سخت تبصرہ پر اسرائیل کے صدر نتن یاہو نے برہمی کا اظہار کیا ہے ۔نتن یاہو نے کہا کہ برازیل کے صدر ہولو کاسٹ کو درست ٹھہرانے کی کوشش کر رہے ہیں ۔ان کا بیان یہودیوں کے خلاف ہے ۔