اسرائیلی فوج کا غزہ کے شہریوں کو انتباہ،اپنے گھروں کو چھوڑ کر جنوب کی جانب چلے جائیں

تل ابیب،06اگست:۔

غزہ میں حماس کی جانب سے جنگ بندی کے شرائط نا منظور کئے جانے کے بعد  اسرائیل کی جانب سے غزہ پر قبضہ کا اعلان کیا گیا ہے امریکہ بھی اس سلسلے یں اسرائیل کی حمایت کا اعلان کیا ہے ۔دریں اثنا اسرائیلی فوج نے غزہ شہر کے رہائشیوں کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اپنی موجودہ جگہیں چھوڑ کر جنوب کی جانب منتقل ہو جائیں۔فوج کے ترجمان اویخای ادرعی نے آج بدھ کے روز "ایکس” پر ایک پوسٹ میں اعلان کیا کہ اسرائیلی افواج غزہ شہر کے مغربی حصے میں زیادہ گہرائی میں اپنی کارروائیاں کریں گی۔انھوں نے خاص طور پر غزہ کے محلے الزیتون کے رہائشیوں سے مطالبہ کیا کہ وہ جنوبی علاقے "المواصی” کی طرف چلے جائیں۔

علمی میڈیا کی رپورٹوں کے مطابق ترجمان کا کہنا تھا جو لوگ ابھی تک درج ذیل علاقوں سے نہیں نکلے، یا واپس آ چکے ہیں ، بلاک نمبر 613، 624، 625، 628، 629، 630، 631، 641، 695   ان کے لیے فوج مغرب میں کارروائیاں بڑھا رہی ہے۔اسی دوران غزہ کی پٹی کے وسطی علاقے دیر البلح میں ایک امدادی ٹرک کے الٹنے سے 20 فلسطینی جان کی بازی ہار گئے۔

فلسطینی طبی ذرائع کے مطابق یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب متاثرہ شہریوں کی بھیڑ ایک امدادی ٹرک تک پہنچنے کی کوشش کر رہی تھی، یہ ٹرک ایک غیر محفوظ راستے پر آ رہا تھا۔ ہجوم کی موجودگی میں ٹرک الٹ گیا، جس سے درجنوں افراد زخمی بھی ہوئے۔یہ واقعہ ایسے وقت پیش آیا جب غزہ کی انسانی صورت حال انتہائی ابتر ہو چکی ہے۔ اقوام متحدہ کے مطابق تقریباً 20 لاکھ فلسطینی قحط کے خطرے سے دوچار ہیں، جب کہ خوراک کی امداد نہایت کم مقدار میں پہنچ رہی ہے۔یہ سب اسرائیلی محاصرے کے نتیجے میں ہوا ہے جو اکتوبر 2023 میں جنگ کے آغاز کے بعد سے جاری ہے۔