اسرائیلی فوج ایران، لبنان اور غزہ پر بڑے حملے کی تیاری میں

تل ابیب ،06 اکتوبر :۔

مشرق وسطیٰ اس وقت جنگ کی آگ میں جل رہا ہے۔ خطے میں اسرائیل کی جارحیت غزہ کی تباہی کے بعد اب لبنان تک پہنچ گئی ہے اور ایران کے ساتھ بھی اس کے حملوں کا تبادلہ جاری ہو گیا ہے۔ دریں اثنا   اسرائیلی فورسز بیروت میں حزب اللہ کو مسلسل نشانہ بنا رہی ہیں۔ اب اسرائیلی نشریاتی ادارے کے اے این اور دیگر اسرائیلی میڈیا نے جنگ کی تیاریوں کے حوالے سے بڑا انکشاف کیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی فوج بیک وقت کئی محاذوں پر بڑے پیمانے پر حملے کی تیاری کر رہی ہے۔

میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل پر ایران کے میزائل حملے کے جواب میں آئی ڈی ایف یعنی اسرائیلی فوج ایران پر خطرناک حملے کی تیاری کر رہی ہے۔ اس کے لیے فی الحال آئی ڈی ایف اپنے اہداف کا انتخاب کر رہا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی حکام اپنے مغربی اتحادیوں سے حملے میں حصہ لینے کی توقع کر رہے ہیں۔ یہ بات ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب خطے میں امریکی افواج کے سربراہ جنرل مائیکل کریلا آج اس آپریشن پر بات چیت کے لیے اسرائیل پہنچیں گے۔

 اسرائیلی میڈیا کی رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی فوج غزہ نیٹزاریم راہداری کے ارد گرد فوجی مشقیں کرنے کا منصوبہ بنا رہی ہے کیونکہ جنگ کو ایک سال ہونے کو ہے۔ اسرائیلی رپورٹس کے مطابق لبنان میں ضرورت کے مطابق مزید کارروائیاں کی جائیں گی۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اب تک اسرائیلی فوج  نے جنوبی لبنان میں محدود کارروائیاں کی ہیں جن میں آنے والے دنوں میں توسیع کی جائے گی۔ گزشتہ برس جنگ شروع ہونے کے بعد سے اب تک اسرائیلی حملوں میں 2000 سے زائد لبنانی ہلاک ہو چکے ہیں۔

 

بتایا جا رہا ہے کہ حزب اللہ کے سربراہ حسن نصر اللہ لبنان میں اسرائیل کی جانب سے کیے گئے حملے میں مارے گئے تھے، جس کے بدلے میں ایران نے اسرائیل پر میزائل حملے کیے تھے۔ اب اسرائیل ایک بار پھر صرف ایران ہی نہیں بلکہ غزہ اور لبنان پر بڑے حملے کی تیاری کر رہا ہے۔