اسرائیلی جیل میں قید فلسطینی قادر عدنان کی موت، 86 روز سے بھوک ہڑتال پر تھے

بیت المقدس،02مئی :۔
فلسطینی جنگجو گروپ ‘اسلامک جہاد’ کے سینئر رکن قادر عدنان تقریباً تین ماہ کی بھوک ہڑتال کے بعد اسرائیلی جیل میں انتقال کر گئے ۔اسرائیل جیل حکام نے کہا کہ عدنان منگل کی صبح اپنے سیل میں بے ہوش پائے گئے ۔ انہیں اسپتال لے جایا گیا لیکن ان کی جان نہیں بچ سکی۔
رپورٹ کے مطابق اسرائیلی جیل حکام نے کہا کہ انہوں نے ٹیسٹ اور علاج کروانے سے انکار کر دیا تھا۔ انتقال کی تصدیق کے بعد غزہ کی پٹی سے کم از کم تین راکٹ فائر کیے جس سے کوئی زخمی نہیں ہوا۔غزہ کی پٹی کے گروپ اسلامی جہاد نے اس سے قبل اسرائیل کو خبردار کیا تھا کہ اگر عدنان جیل میں مر گیا تو انہیں اس کی بھاری قیمت چکانی پڑے گی۔


رپورٹ کے مطابق اسرائیلی جیل حکام نے بتایا کہ عدنان نے 5 فروری کو گرفتار ہونے کے فوراً بعد ہی بھوک ہڑتال شروع کر دی تھی ۔انہوں نے طبی ٹیسٹ کرانے اور علاج کروانے سے بھی انکار کر دیاتھا۔ فلسطینی قیدیوں کی سوسائٹی کے مطابق، 44 سالہ عدنان، مقبوضہ مغربی کنارے کے شہر جینین کے قریب ارابہ قصبے کے رہنے والے تھے بغیر کسی الزام کے اپنی حراست کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے گزشتہ87 دنوں تک کھانے سے انکار کر دیا تھا۔
اپنی ماضی کی گرفتاریوں کے بعد کئی مواقع پر، انہوں نے بھوک ہڑتالوں کا سہارا لیا، جن میں سے ایک 2015 میں 55 دن تک جاری رہی، جو کہ انتظامی حراست کے نام سے جانے والی اپنی حراست کے خلاف احتجاج کی ایک شکل ہے۔
سابق فلسطینی وزیر اطلاعات اور فلسطین نیشنل انیشیٹو پولیٹیکل پارٹی کے جنرل سیکرٹری مصطفیٰ برغوتی نے کہا کہ یہ ایک بہت ہی خطرناک چیز ہے جو ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ”میں اسے قتل کہتا ہوں کیونکہ اسرائیلی حکومت اور اس کی فوجی عدالتیں اچھی طرح جانتی تھیں کہ ایک شخص جو 87 دنوں سے بھوک ہڑتال پر ہے، جسے کسی قسم کی طبی امداد نہیں ملی، وہ کسی بھی لمحے مر سکتا ہے۔ اور بالکل ایسا ہی ہوا ہے ۔ رپورٹ کے مطابق ان کی موت سے قبل ان کی اہلیہ رندا موسیٰ نے کہا کہ وہ "کسی قسم کی مدد سے انکار کر رہے تھے، طبی معائنے سے انکار کر رہے تھے، وہ بہت مشکل حالات میں جیل میں تھے۔